منسٹر صاحب کو الفاظ کا چناؤ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے نرگس اور میگھا کا ردعمل

فیاض الحسن چوہان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اداکارہ نرگس اور میگھا سے معذرت کرلی۔

منسٹر کو کوئی حق نہیں کہ وہ ملک کی نامور اداکاراؤں کو یوں بدنام کریں،اداکارہ میگھا۔ فوٹو: فائل

اداکارہ نرگس اور میگھا نے صوبائی وزیراطلاعات وثقافت فیاض الحسن کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں الفاظ کا چناؤ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کی جانب سے مختلف پروگراموں میں نامناسب زبان استعمال کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ سیاستدانوں سمیت اداکاراؤں کے حوالے سے بھی نامناسب زبان استعمال کررہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں فیاض الحسن چوہان نے اداکارہ نرگس اور میگھا کو بھی نشانے پر رکھا، ان کا کہنا تھا کہ میں نرگس کو حاجن بناتا اور میگھا سے 300 روزے رکھواتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ فیاض الحسن چوہان نے ٹی وی پروگرام میں نازیبا زبان پر معذرت کرلی


اداکارہ میگھا کی جانب سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ نئے منسٹر صاحب کو الفاظ کا چناؤ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے، میرا نام سوچے سمجھے بغیر لینے والے منسٹر پہلے خود کو دیکھیں، میں شوبز چھوڑ چکی ہوں، اور واحد اسٹیج اداکارہ ہوں جس پر آج تک بین نہیں لگا۔



میگھا کا کہنا تھا کہ وزیرثقافت کو کوئی حق نہیں کہ وہ ملک کی نامور اداکاراؤں کو یوں بدنام کریں، افسوس ہے کہ وزیرصاحب کی تقریر سن کر کوئی کچھ نہ بولا، وزیراعلیٰ سے گزارش ہے کہ وزیرثقافت سے پوچھیں کہ وہ میرا نام کس زمرے میں لے رہے ہیں۔

دوسری جانب ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے اداکارہ نرگس کا کہنا تھا کہ میں شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہہ کر ہنسی خوشی زندگی گزار رہی ہوں، وزیر صاحب اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں کیوں کہ ہر شخص عزت دار ہے اور عزت دار شخص قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ادھر دونوں اداکاراؤں کی جانب سے تنقید کے بعد فیاض الحسن چوہان نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کیے پر معذرت خواہ ہیں جب کہ فلم انڈسٹری اور تھیٹر کے میدان میں آپ سب ہمارا سرمایہ ہیں۔
Load Next Story