کے الیکٹرک کی غفلت کرنٹ لگنے سے 8 سالہ بچہ بازوؤں سے محروم

بجلی کا تار گرنے سے 8 سالہ بچے کے دونوں بازو جھلس گئے، ڈاکٹروں کو مجبوراً ہاتھ کاٹنے پڑے


ویب ڈیسک August 30, 2018
بجلی کا تار گرنے سے 8 سالہ بچے کے دونوں بازو جھلس گئے، ڈاکٹروں کو مجبوراً ہاتھ کاٹنے پڑے (فوٹو: اسکرین گریب)

شہر قائد میں 8 سالہ بچہ کے الیکٹرک کی غفلت سے دونوں بازوؤں سے محروم ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے احسن آباد میں بجلی کا تار گرنے سے 8 سالہ بچہ عمر اس کی زد میں آگیا اور اس کے دونوں بازو کرنٹ کے باعث بری طرح جھلس گئے۔ بچے کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کی جان بچانے کے لیے مجبوراً دونوں بازو جسم سے علیحدہ کردیے۔

انچارج برنس سینٹر نے بتایا کہ ہم نے بہت کوشش کی لیکن عمر کے بازو نہ بچا سکے، بچے کے دونوں بازو بری طرح جھلسے ہوئے تھے اور ہمارے پاس بازو کاٹنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔

بچہ پوچھتا ہے میرے ہاتھ کہاں ہیں؟ کیا بتاؤں؟ غمزدہ والدہ

بچے کے معذور ہونے پر والدین غم سے نڈھال ہوگئے اور ان کے آنسو نہیں رک رہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بچے کی غمزدہ والدہ نے بتایا کہ افسوس کے دو بول سے کیا بچے کے ہاتھ واپس آجائیں گے؟ ہم نے ابھی تک بچے کو نہیں بتایا کہ اس کے ہاتھ کاٹ دیے گئے ہیں، وہ دن میں کئی بار پوچھتا ہے میرے ہاتھ کہاں ہیں، مجھے دانت برش کرنے ہیں، میری انگلیاں کام نہیں کررہیں، کوئی بتائے ہم کیا کریں؟



عمر کے والد نے بتایا کہ بچہ گزر رہا تھا کہ گرے ہوئے بجلی کے تار پر اس کا ہاتھ پڑ گیا بچے نے دوسرے ہاتھ سے اسے ہٹانے کی کوشش تو دونوں ہاتھ جل گئے بعدازاں اسے اسپتال منتقل کیا جہاں اس کے دونوں ہاتھ کاٹ دیے گئے جس کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔

گورنر سندھ کا نوٹس، کے الیکٹرک سے وضاحت طلب

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک حکام سے وضاحت طلب کرلی۔ گورنر نے بچے کے علاج و معالجہ کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |