دوسرا ون ڈےگرین شرٹس کو ساکھ بچانے کی فکر لاحق

پیسر وہاب ریاض کو آزمانے پر غور،آئرلینڈ ایک بار پھر تہلکہ مچانے کیلیے بے تاب.


Sports Desk May 26, 2013
پیسر وہاب ریاض کو آزمانے پر غور،آئرلینڈ ایک بار پھر تہلکہ مچانے کیلیے بے تاب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI: پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا دوسرا اور فیصلہ کن معرکہ اتوار کو ڈبلن میں ہوگا، پہلے ٹائی میچ کے بعد گرین شرٹس کو اپنی ساکھ بچانے کی فکر لاحق ہوگی۔

چیمپئنز ٹرافی سے قبل ایک ایسوسی ایٹ ٹیم سے شکست اعتماد متزلزل کرنے کا سبب بن سکتی ہے، مضبوط ٹیموں کو ٹف ٹائم دینے میں مشہور میزبان ٹیم ایک بار پھر تہلکہ مچانے کیلیے بے تاب ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلیے شیڈول کی گئی سیریز کے پہلے میچ میں آئرش ٹیم پاکستان کو دن میں تارے دکھاتے ہوئے فتح کے قریب پہنچ گئی تھی لیکن مقابلے کا اختتام ٹائی پر ہوا، اتوار کو دوسرے مقابلے کے حوالے سے گرین شرٹس کے کپتان مصباح الحق پہلے ہی اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو خبردار کرچکے کہ تینوں شعبوں میں بہتری لانا ہوگی، پاکستان کو انگلش کنڈیشنز میں پیسرز جنید خان اور طویل قامت محمد عرفان سے خاصی توقعات وابستہ ہیں، سعید اجمل ہمیشہ سے ہی ٹرمپ کارڈ سمجھے جاتے ہیں، مگر پہلے ون ڈے میں تینوں مہنگے ثابت ہوئے، آف اسپنر نے71رنز کی پٹائی برداشت کی۔



ان کے آخری اوور میں 14رنز بننے سے میچ ٹائی ہوا،اب ٹیم مینجمنٹ کو اپنی پلاننگ پر از سر نو غور کرتے ہوئے پال اسٹرلنگ، کیون اوبرائن اور ایڈ جوائس سمیت بہادرانہ کھیل پیش کرنے والی میزبان بیٹنگ لائن کا توڑ کرنا ہوگا، احسان عادل کی جگہ وہاب ریاض کو آزمایا جا سکتا ہے، 188رنز کی شراکت قائم کرنے والے محمد حفیظ اور اسد شفیق کے ساتھ دیگر بیٹسمین بھی بہترین فارم کے متلاشی ہوں گے، دوسری طرف ایک بڑی ٹیم کے خلاف فتح کے قریب آکر محروم رہ جانے والی آئرش ٹیم اس بار بلند حوصلے کے ساتھ اپنے کراؤڈ کے سامنے کامیابی حاصل کرنے کیلیے بیتاب ہے، کیون اوبرائن نے صرف سعید اجمل کی 21 گیندوں پر ہی 43رنز بناکر مہمان ٹیم کو سرپرائز دیا ،وہ صلاحیتوںکے اظہار کا دوسرا موقع بھی یادگار بنانا چاہیں گے۔ مطلع ابر آلود رہنے کے باوجود مکمل میچ ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں