اسکول پربم حملے کی دھمکی دینے والے کومکینوں نے پکڑلیا

سائٹ کے صفہ اسکول کے مالک عبدالمجید سے ملزم نے 3 لاکھ روپے بھتہ مانگا.


Staff Reporter May 26, 2013
طے شدہ20 ہزار روپے لینے کیلیے آنے والے کومکینوں نے پکڑا،رینجرزکے حوالے. فوٹو: ایکسپریس/ فائل

میٹروول میں نجی اسکول کو بم سے اڑانے اور مالک کو بچوں سمیت قتل کرنے کی دھمکیاں دینے والے بھتہ خور کو علاقہ مکینوں نے بھتہ وصول کرتے ہوئے پکڑ کر رینجرز کے حوالے کردیا۔

جبکہ ملزم کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سائٹ تھانے اے سیکشن تھانے کی علاقے میٹروول بلاک ون میں واقع صفہ ماڈل سیکنڈری اسکول کے مالک عبدالمجید کیانی سے راحت نامی شخص نے موبائل فون پر رابطہ کر کے 3 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر اسکول کو بم سے اڑانے کے علاوہ اسے بچوں سمیت قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا ، بھتہ خور کی جانب سے دی جانے والی سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے کے بعد اسکول کے مالک نے متعلقہ تھانے اور ڈی ایس پی کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی۔



تاہم پولیس نے روایتی بے حسی اور عدم تعاون کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی سے گریز کیا جبکہ ملزم کی جانب سے اسکول کے مالک کو مسلسل دھمکی آمیز فون کالز آتی رہیں اور بالآخر اسکول کے مالک نے بھتہ خور کو 20 ہزار روپے بھتہ لینے پر راضی کرلیا اور جب معاملہ طے پایا گیا تو ملزم کو بھتہ وصول کرنے کے لیے میٹروول بلاک ون مسجد فاطمہ کے قریب بلایا اور اس کے ساتھ ساتھ پولیس کو بھی آگاہ کیا تاہم پولیس کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا اور نہ ہی کوئی تحفظ فراہم کیا گیا ۔

ملزم بھتہ وصول کر کے واپس جا رہا تھا کہ اس دوران علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور ملزم کو تعاقب کے بعد پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رینجرز کے حوالے کردیا جسے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملز م کے دیگر 2 ساتھی جو اسے تحفظ فراہم کرنے کے لیے قریب ہی موجود تھے لوگوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے،مشتعل افراد نے علاقے میں بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات اور پولیس کی پراسرار خاموشی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس کے خلاف نعرے لگائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں