امریکا میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں 7 مسافر ہلاک


حادثے میں درجن سے زائد مسافر زخمی ہوئے جن میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔ فوٹو : ٹویٹر
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی امریکا میں میکسیکو سٹی کے قریب گرے لائن پر غلطی سے آجانے والے ٹرک سے تیز رفتار ' میٹرو بس' ٹکرا گئی۔ گرے بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 7 مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔
حادثے کا شکار بس میں 47 مسافر سوار تھے جن میں سے درجن سے زائد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 5 شدید زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے حادثے کے بعد شاہراہ کو بند کردیا، جہاں اب بھی امدادی کام جاری ہے۔ ٹرک پر لدا سامان تاحال شاہراہ پر موجود ہے جسے مکمل طور پر کلیئر کرانے میں مزید چند گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔