مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ کے دوران قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 34 کشمیری شہید

گزشتہ ماہ 5 کشمیری خواتین کی عصمت دری کی گئی جب کہ 196 کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا


ویب ڈیسک September 01, 2018
قابض بھارتی فوج نے ماہ اگست میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی۔ فوٹو : فائل

قابض بھارتی فوج نے گزشتہ روز دو کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کردیا جس سے ماہ اگست میں شہید ہونے والوں کی تعداد 34 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز جعلی پولیس مقابلے میں دو کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد ماہ اگست میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی تعداد 34 ہوگئی ہے اسی طرح قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ 5 کشمیری خواتین کی عصمتیں پامال کیں۔

ماہ اگست میں بھارتی فوج اور پولیس کی فائرنگ، آنسو گیس شیلنگ اور پیلٹ گن سے 483 کشمیری زخمی ہوئے جن میں بزرگ، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ ضلع شوپیاں، کپواڑہ اور کلگام میں محاصروں اور سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رہا۔

قابض بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے حریت رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے، اسیر خاتون رہنما آسیہ اندرابی کے گھر پر بھی چھاپا مارا گیا اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔ چھاپا مار کارروائیوں کے دوران 196 کشمیریوں کو بلا جواز گرفتار کیا گیا اور 140 گھروں کو مسمار کیا گیا۔

کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی مودی سرکار کی مذموم سازش کے تحت آئین کے آرٹیکل 35-اے کی منسوخی کے خلاف بھی گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں تین بار دو روزہ ہڑتال کی گئیں۔ جس کے باعث بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 35-اے کی سماعت کو تینوں بار ملتوی کرنے پر مجبور ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں