یہ گھنیری زلفیں

بے رونق بالوں سے نجات کے لیے دیسی نسخے آج بھی مفید ہیں


Shahida Rehana May 26, 2013
بے رونق بالوں سے نجات کے لیے دیسی نسخے آج بھی مفید ہیں۔ فوٹو: فائل

بال کسی بھی شخصیت کی جاذبیت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ بعض اوقات صرف بال بنانے کا منفرد انداز ہی ہمیں دوسروں سے ممتاز بناتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہمارے بال صحت مند اور چمک دار ہوں۔

اندرونی طور پر بالوں کو غذا فراہم کرنے کے لیے مچھلی، دودھ، سبزیاں، پھل، میوہ جات اور پانی کا خاص استعمال کریں۔ بال دھوتے ہوئے اچھے صابن اور بالوں کی ساخت کی مناسبت سے اچھے شیمپو کا استعمال آپ کو بالوں کے مسائل سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

بالوں کی سفیدی چھپانے اور ان کی صحت کے لیے منہدی زمانہ قدیم سے استعمال کی جا رہی ہے۔ یہ جھڑتے بالوں کے لیے بھی مفید ہے اور ساتھ ہی دھوپ اور گرمی کے مضر اثرات کے ساتھ سر کی جلد کو بھی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ منہدی کے پتوں کو پیس کر روزانہ یا ہفتے میں دو تین بار سر دھونے سے بال کِھلے کِھلے، چمک دار اور صحت مند نظر آتے ہیں۔ منہدی کے پتوں کو باریک پیس کر اس میں سرکہ ملا کر حل کریں اور چند گھنٹوں کے لیے رکھ دیں اور پھر اچھی طرح بالوں میں جڑوں سے سِروں تک لگائیں اور جب سوکھ جائے تو اسے نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ گہرے برائون رنگ کے ساتھ آپ کے بال نہایت شان دار لگیں گے جو کہ بال رنگنے کی دیگر مضر طریقوں کے برعکس زیادہ بہتر ہوگا۔

بالوں میں منہدی لگاتے وقت ہاتھوں میں دستانے پہن لیں اور بالوں کو مختلف حصوں میں بانٹ کر سلجھا لیں، پھر برش کی مدد سے بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح سے لگائیں۔ سر دھونے کے بعد جب بال اچھی طرح خشک ہو جائیں تو پھر تیل لگا لیں۔ منہدی کا رنگ خاصے عرصے تک برقرار رہے گا۔ گرمی کے موسم میں بالوں میں منہدی لگانے سے سرکی جلد کو ٹھنڈک ملتی ہے اور بال دھوپ اور گرمی کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رہتے ہیں۔ بالوں میں خشکی اور روکھا پن ختم ہو جاتا ہے۔ خالص منہدی نہ صرف جوئوں کا خاتمہ کرتی ہے، بلکہ پر سکون نیند کا باعث بھی ہوتی ہے۔

سر کے بالوں اور جلد پر تیل کا مساج نہایت صحت مند جزو ہے۔ کلونجی کا تیل چھ ماہ تک لگانے سے بال سیاہ گھنے اور لمبے ہوتے ہیں۔ سر کی خارش، خشکی اور گنج پن روکنے کے لیے زیتون کا تیل خاصا مفید ہے۔ اس کے استعمال سے بال ملائم مضبوط اور چمک دار بھی رہتے ہیں اور ان کی نشوونما بھی بہت اچھی ہوتی ہے۔

سرسوں کا تیل نکلواتے وقت اس میں سنگترے کے خشک چھلکے بھی شامل کرا دیں تو یہ بالوں کے لیے بہترین تیل بن جائے گا، جو بالوں کو گرنے سے روکے گا اور بالوں کو نہایت صحت مند کر دے گا۔ دو کلو گیندے کے تازہ پھول ایک پائو سرسوں کے تیل میں رات بھر بھگو کر رکھ دیں۔ صبح پھولوں کو اچھی طرح مسل کر تیل کو چھان لیں اور سر دھونے سے دو گھنٹے قبل سر میں مساج کریں اور بالوں پر کپڑا لپیٹ لیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو کر بالوں کو شیمپو کر لیں بالوں کی تمام بیماریوں سے نجات رہے گی۔

ناریل کے تیل میں لیموں کا عرق ملا کر بالوں میں لگانے سے بال کھلے کھلے رہیں گے۔ ناریل اور منہدی کا تیل ملا کر لگائیں تو منہدی کی افادیت بھی حاصل ہو جائے گی اور بال گرنا بھی بند ہو جائیں گے۔ منہدی میں لیموں کے چند قطرے اور ایک انڈا ملا کر بالوں میں لگائیں، پھر ایک گھنٹے بعد سر دھو لیں، بے جان بالوں کی رونق لوٹ آئے گی۔ دہی میں ناریل کا تیل ملا کر لگانا بھی سر کے بالوں کے لیے ایک اچھا نسخہ ہے۔

مٹھی بھر آملے لے کر پانی میں رات بھر بھگو دیں۔ اس پانی میں آم کی گھٹلی سے گِری نکال کر پیسیں اور شامل کر دیں اور ایک گھنٹے بعد سر دھولیں بال گرنا بند ہو جائیں گے۔ بیری کے پتے باریک پیسیں، جھاگ نکال دیں، بیس پچیس منٹ تک سر میں خوب ملیں اور پھر صابن یا شیمپو کے بغیر دھولیں بال خود بخود صاف ستھرے ہو جائیں گے، بلکہ خوب لمبے اور گھنے بھی ہوں گے۔

بالوں کو رگڑ کر خشک نہ کریں۔ گیلے بالوں میں نہ تیل لگائیں نہ کنگھا کریں۔ دوسروں کے استعمال شدہ برش اور کنگھا یا کنگھی استعمال نہ کریں۔ اپنے بالوں کو ہر وقت ربن، چوٹی کیچر میں جکڑ کر نہ رکھیں، روزانہ پندرہ سے بیس منٹ سر کے بالوں میں کنگھا کریں اس سے دوران خون بہتر ہوگا اور بال صحت مند اور چمک دار رہیں گے۔ بالوں میں خوش بو دار تیل لگانے سے اجتناب برتیں۔ ایسے تیلوں میں کیمیائی اجزا کی ملاوٹ سے نہ صرف بال سفید ہونے لگتے ہیں بلکہ بالوں کی جڑیں کم زور ہوجاتی ہیں اور بال جھڑنے بھی لگتے ہیں،اس لیے احتیاط ضروری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں