وزیراعظم نے پنجاب میں بلدیاتی نظام تبدیل کرنے کا حکم دے دیا

وزیرِاعظم نے اورنج لائن منصوبے کا فوری آڈٹ کروانے کی ہدایت بھی کی ہے، ذرائع


ویب ڈیسک September 01, 2018
وزیرِاعظم نے اورنج لائن منصوبے کا فوری آڈٹ کروانے کی ہدایت بھی کی ہے، ذرائع فوٹو:فائل

وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی نظام کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے حکم دیا کہ 100 دن کے منصوبے پر عمل درآمد تیزی سے جاری رکھا جائے، صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے شعبوں میں تبدیلی نظر آنی چاہیے۔

یہ پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کی 35 گاڑیوں کی نیلامی کا حکم

عمران خان نے اورنج لائن بس منصوبے کا فوری آڈٹ کروانے اور پنجاب میں بلدیاتی نظام کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام وزرا اپنے اپنے محکموں میں سادگی کو فروغ دیں۔

پنجاب کے مختلف محکموں کے سیکریٹریز سے ملاقات

دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں پنجاب کے مختلف محکموں کے سیکریٹریز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب عثمان خان بزدار بھی شریک تھے۔

بیورو کریسی کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے

وزیر اعظم نے سیکریٹریز سے کہا کہ موجودہ حالات میں مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے، بیورو کریسی کسی بھی ملک کو چیلنج سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، موجودہ حالات میں ہماری بیورو کریسی کو دلجمعی سے کام کرنا ہوگا ہم بیورو کریسی کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے۔

60ء کی دہائی میں سول سروس نے پروفیشنلزم کی مثال قائم کی تھی

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 60ء کی دہائی میں سول سروس نے پروفیشنلزم کی مثال قائم کی تھی، بیورو کریسی کو 60 کی دہائی کی طرح بے لوث، پر عزم اور پیشہ ورانہ انداز سے کام کرنا ہوگا، بیورو کریسی میں بہتری لانے پر کے پی کے میں غیر معمولی نتائج سامنے آئے ہیں، گورننس، سروس ڈلیوری، شفافیت اور میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کی اندرونی کہانی، متعدد فیصلے، تجاویز پیش

مزید براں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے، کئی تجاویز پیش کی گئیں۔

لیپ ٹاپ اسکیم کا جائزہ لینے کی ہدایت

اجلاس میں لیپ ٹاپ اسکیم جاری رکھنے یا نہ رکھنے پر غور کیا گیا، عمران خان نے لیپ ٹاپ اسکیم کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

پنجاب میں نیا آئی جی لانے، چیف سیکریٹری برقرار رکھنے کا فیصلہ

عمران خان نے چیف سیکریٹری پنجاب کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تاہم آئی جی پنجاب کے حوالے سے کہا کہ پنجاب میں نیا آئی جی لے کر آئیں گے۔

ایل ڈی اے میں کرپشن ختم کرنے کا حکم

عمران خان نے کہا کہ جو وزیر کارکردگی نہ دکھا سکے اسے تبدیل کردیں گے، ایل ڈی اے میں کرپشن کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ عمران خان نے وزرا کو سی پیک پر غیر ضروری بیانات سے روک دیا، نازیبا گفتگو پر وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی سرزنش بھی کی۔

میٹرو بس منصوبوں کے آڈٹ کی ہدایت

ایک وزیر نے میٹرو بس سروس بند کرنے کی تجویز دی جسے عمران خان نے مسترد کردیا اور کہا کہ میٹرو بس منصوبوں اور اورنج لائن ٹرین منصوبوں کا آڈٹ کروایا جائے۔

پنجاب میں کرپشن کیسز کی تحقیقات کے لیے نیب سے مکمل تعاون کا فیصلہ

اجلاس میں پنجاب میں کرپشن کیسز کی تحقیقات کے لیے نیب سے مکمل تعاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا،عمران خان نے کہا کہ چئیرمین نیب سے کہہ دیا ہے کہ انہیں جو ریکارڈ درکار ہے وہ فراہم کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں