نیشنل میوزیم کی منتقلی کیلیے گورنر ہاؤس کو موزوں قرار دے دیا گیا

محکمہ ثقافت نے حکومت سندھ سے گورنر ہائوس حوالے کرنے کی باضابطہ درخواست کردی


عبدالرزاق ابڑو September 02, 2018
محکمہ ثقافت نے حکومت سندھ سے گورنر ہائوس حوالے کرنے کی باضابطہ درخواست کردی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

محکمہ ثقافت سندھ نے برنس گارڈن میں واقع نیشنل میوزیم کی منتقلی کے لیے گورنر ہائوس کراچی کو زیادہ موزون جگہ قرار دے دیا ہے اور حکومت سندھ سے گورنر ہائوس محکمہ ثقافت سندھ کے حوالے کرنے کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔

سیکریٹری محکمہ ثقافت اکبر لغاری نے ایکسپریس کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی سمری میں انھوں نے درخواست کی ہے کہ گورنر ہائوس کی عمارت محکمہ ثقافت کے حوالے کی جائے تاکہ اس میں نیشنل میوزیم کو منتقل کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی کے تمام پارکس کو تجاوزات سے خالی کرانے کے سلسلے میں جاری کیے تھے، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں چیف سیکریٹری سندھ نے برنس گارڈن میں قائم نیشنل میوزیم کو بھی منہدم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سیکریٹری محکمہ ثقافت سندھ نے چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا تھا کہ نیشنل میوزیم میں انتہائی قیمتی نوادرات رکھے ہوئے ہیں جن کی حفاظت کے لیے بھی غیر روایتی انتظامات کرنے ہوتے ہیں، محکمہ ثقافت سندھ نے نیشنل میوزیم کی منتقلی کے لیے ابتدائی طور پر تین جگہوں کی نشاندہی کی تھی تاہم بعد ازاں گورنر ہائوس سندھ کی عمارت کو اس سلسلے میں زیادہ موزون سمجھا گیا۔

محکمہ ثقافت سندھ کے ایک ملازم نے ایکسپریس کو بتایا کہ نیشنل میوزیم کی اہمیت کے پیش نظر اسے روزانہ رات کو ایک ذمے دار افسر کی زیر نگرانی باضابطہ سیل کیا جاتا ہے اور دوسرے دن صبح کو سیل کھولی جاتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔