کنواری کالونی رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن 18 مشکوک افراد زیر حراست

دوران آپریشن گھر گھر تلاشی لی گئی، ایک ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ لیڈی سرچر اورکمانڈوز بھی ہمراہ تھے

کنواری کالونی میں رینجرزکے آپریشن کے دوران گرفتارملزمان اور برآمد ہونے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جارہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

منگھوپیر کنواری کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ملزمان سمیت18مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر59 چھوٹے بڑے ہتھیار اور بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کنواری کالونی میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پاکستان سندھ رینجرز کی بھاری نفری نے گزشتہ روز علی الصباح علاقے کا محاصرہ کر کے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو آمد و رفت کے لیے بند کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ، ٹارگٹڈ آپریشن میںایک ہزار سے زائد رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ ان کے ہمراہ لیڈی سرچر اور کمانڈوز بھی موجود تھے جبکہ آپریشن کے دوران سراغ رساں کتوں کی بھی خدمات حاصل کی گئیں۔




رینجرز ذرائع کے مطابق کنواری کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن انٹیلی جنس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر کیا گیااور آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر کی مدد سے علاقے کی نگرانی کی گئی، تقریباً 9گھنٹے جاری رہنے والے طویل ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران رینجرز نے سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں سے زیادہ تر افراد کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیاگیا جبکہ18مشتبہ افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے، رینجرز ذرائع کے مطابق حراست میں لیے جانے والے5افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے انھوں نے بتایا کہ زیر حراست افراد کے قبضے سے 59 چھوٹے بڑے ہتھیاراور گولیاں برآمد کر کے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔
Load Next Story