ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید 4 روپے کلو اضافہ

11اشاریہ 8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈرکی قیمت1564 روپے سے بڑھکر 1613.43 روپے ہوگئی

11اشاریہ 8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈرکی قیمت1564 روپے سے بڑھکر 1613.43 روپے ہوگئی۔فوٹو: سوشل میڈیا

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ہفتے کوستمبر 2018 کیلیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیاہے جس کے مطابق فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت مزید 4 روپے بڑھادی گئی ہے اس اضافے کے نتیجے میں فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت 132 روپے سے بڑھ کر137 روپے ہوگئی جبکہ 11اشاریہ 8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈرکی قیمت 1564 روپے سے بڑھ کر 1613.43 روپے ہوگئی ہے۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی پالیسی 2016 کا از سر نوجائزہ لیناوقت کی اہم ضرورت ہے بصوعت دیگرایل پی جی کی قیمتوں میں مستقل اضافے کا رحجان برقرار رہے گاجو پر آشوب مہنگائی کے اس دور میں کم آمدنی کے حامل خاندانوں اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریب صارفین کے ساتھ کھلی زیادتی ہے۔


انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی پے درپے بڑھتی ہوئی قیمتوں کے سبب ڈسٹری بیوٹرزکی فروخت محدود ہوتی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ ایسوسی ایشن ہمیشہ قیمتیں بڑھنے پر مزاحمت کرتی چلی آرہی ہے۔

عرفان کھوکھر نے وزیر اعظم عمران خان کی نئی حکومتی ٹیم سے اپیل کی کہ وہ ایل پی جی کی قیمتوں میں آئے دن کے اضافے کی روک تھام کے کیے مطلوبہ اقدامات بروئے کار لائیں اور ایل پی جی کی قیمتوں کو قابومیں رکھنے کے لیے ایل پی جی پالیسی 2016 کااز سر نو جائزہ فی الفور لینے کے احکامات جاری کریں۔

 
Load Next Story