بدین ساحلی علاقوں میں گیسٹرو وبائی صورت اختیار کرگیا بچی جاں بحق

گاؤں طیب بکر کے 8 بچے وبا میں مبتلا سیکڑوں افراد اسپتال میں داخل آلودہ پانی کے استعمال سے بیماری پھیلی

گاؤں طیب بکر میں اتوار کے روز 10 سالہ لڑکی مومل گیسٹرو میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کرگئی جبکہ مذکورہ گاؤں میں مزید 8 بچے گیسٹرو میں مبتلا ہیں. فوٹو: فائل

ضلع بدین میں پانی کی قلت کے باعث آلودہ پانی کے استعمال سے ساحلی علاقوں میں گیسٹرو نے وبائی صورت اختیار کرلی ہے۔

گاؤں طیب بکر میں اتوار کے روز 10 سالہ لڑکی مومل گیسٹرو میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کرگئی جبکہ مذکورہ گاؤں میں مزید 8 بچے گیسٹرو میں مبتلا ہیں، ساحلی دیہات گولومندرو، حاجی صحام، گاجی ملاح، روپا ماڑی، بھکڑا میمن، علی بندر، بہڈمی کے علاقوں میں پینے کا پانی میسر نہ ہونے اور آلودہ پانی استعمال کرنے کی وجہ سے سیکڑوں عورتیں، مرد اور بچے گیسٹرو، جلدی بیماریوں اور دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہوکر صحت مرکز کڈھن، سیرانی، سول اسپتال بدین اور دیگر نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔




سیاسی و سماجی رہنماؤں تاج محمد ملاح، علی اکبر میمن، محمد حنیف خاصخیلی اور دیگر ماہی گیر تنظیموں کے رہنماؤں عبدالخالق ملاح، مٹھن ملاح نے بتایا کہ ساحلی علاقوں میں زیر زمین کڑوے پانی کو میٹھا کرنے کے 22 پلانٹس لگاکر3 برس قبل کروڑوں روپے خرچ کیے گئے لیکن ان پلانٹس سے ابھی تک عوام کو ایک بوند پانی بھی دستیاب نہیں۔
Load Next Story