پیپلز پارٹی صدارتی انتخاب میں متفقہ امیدوار کی حمایت کرے فضل الرحمان

کوشش کریں گے کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں ایک امیدوار پر متفق ہوجائیں، فضل الرحمان

، پی پی کے لیے اپنا امیدوار دستبردار کرانا آسان ہے،فضل الرحمان،فوٹو: فائل

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن کے صدارتی امیدوار کی حمایت کرے تاکہ حکومتی جماعت کے امیدوار کا بھرپور مقابلہ کیا جاسکے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف اور رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صدارتی انتخاب مشترکہ طور پر لڑیں گے اور کوشش کریں گے کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں ایک امیدوار پر متفق ہوجائیں، (ن) لیگ سمیت اپوزیشن کی جماعتوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمن کی دستبرداری سے اعتزاز احسن جیت سکتے ہیں، قمر زمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے مجھے خود کنوینئر منتخب کیا اور دیگر جماعتوں نے تائید کی، پی پی کے لیے اپنا امیدوار دست بردار کرانا آسان ہے، پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کے انتخاب میں خاموش رہ کر پی ٹی آئی کی مدد کی ہے، پی پی کے لیے شہباز شریف ایک منصب کے لیے قبول ہیں اور دوسرے کے لیے نہیں ہیں۔


فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کرنا خوش آئند ہے، حمزہ شہباز

اس موقع پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کا مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کرنا خوش آئند ہے جو پارٹیاں ساتھ نہیں ہیں ان کو راضی کرنے کی کوشش کریں گے، اپوزیشن کا کلیدی کردار ہوتا ہے ہم بھرپور کردار ادا کریں گے۔

فضل الرحمان کی کامیابی کیلیے دعا بھی کی اورحلوہ بھی کھایا، سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق نے کہا کہ فضل الرحمان کو ہماری پارٹی ووٹ دینے جارہی ہے ہم نے مولانا فضل الرحمان کی کامیابی کیلیے دعا بھی کی اور حلوہ بھی کھایا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے الیکشن کے وقت پیپلز پارٹی تقسیم کا کام کرچکی ہے اگر واقعی چاہتے ہیں کہ اپوزیشن متحد ہو تو پھرتقسیم کا کام نہیں کرنا چاہیے۔
Load Next Story