وزیراعلیٰ سندھ کا فیصلہ 29 مئی تک کرلیا جائے گا اویس مظفر

سندھ میں حکومت سازی کے لیے متحدہ قومی موومنٹ سے رابطہ ہے، شرجیل میمن


Staff Reporter May 27, 2013
کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اویس مظفراپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیںشرجیل میمن بھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور پی ایس88 سے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر نے پیپلز پارٹی کے نومنتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے اعزاز میں اتوارکواپنی رہائش گاہ پر ظہرانہ دیا۔

ظہرانے میںپیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور، پی پی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ، سید خورشید احمد شاہ، سید نوید قمر، میر ہزار خان بجارانی، شرجیل میمن، نثار کھوڑو، سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمد مہر، سید ناصر شاہ، علی گوہر مہر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اویس مظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کے سبب ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت نے اپنی مدت مکمل کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس پالیسی کو قومی مفاد میں آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا فیصلہ29 مئی سے قبل کرلیا جائے گا ۔



وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ اس حوالے سے پارٹی کی قیادت میں مشاورت جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے دیگر جماعتوں سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں اور پارٹی کے رہنما اس حوالے سے کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ سندھ میں حکومت سازی کیلیے متحدہ قومی موومنٹ سے رابطے میں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ انتخابات میںدھاندلی ہوئی اور انتخابی نتائج پر پیپلز پارٹی کوشدید تحفظات ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کیاگیالیکن جمہوریت کے تسلسل کی خاطر ہم نے نتائج کوتسلیم کیا۔

انھوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنائے جارہے ہیں لیکن سندھ میں کسی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ پچھلے5برس کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورت حال خراب ہوئی لیکن قتل وغارت صرف کراچی یا سندھ میں ہی نہیں بڑھی بلکہ پنجاب میں بھی جرائم کی وارداتوں میں ہولناک اضافہ ہوا۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی آئندہ حکومت یہ کوشش کرے گی کہ کراچی سمیت پورا صوبہ امن کاگہوارہ بنے اور اگر ہمارے خلاف کسی کو احتساب کرنا ہے تو وہ اپنا یہ شوق پورا کرلے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں