وزیرخارجہ کو افغان ہم منصب کا فون پاکستانی قونصل خانے کے سیکیورٹی مسائل پر گفتگو

شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی


ویب ڈیسک September 03, 2018
افغان وزیر خارجہ کی جلال آباد میں قونصل خانے کی سلامتی کو لاحق خطرات اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی فوٹو:فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو افغان ہم منصب نے فون کیا اور پاکستانی قونصل خانے کے سیکیورٹی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کیا اور منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے افغانستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔



پاک افغان وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی غور کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے سیکیورٹی مسائل پر بھی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی قونصل خانے پر صوبائی گورنر کے حملے کا انکشاف

صلاح الدین ربانی نے قونصل خانے کی سلامتی کو لاحق خطرات اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو 28 اگست سے پہلے والی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ محمود قریشی نے پاک افغان امن منصوبے کے تحت افغانستان میں قیام امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ ہفتے کو پاکستان نے افغانستان کے صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا قونصل خانہ بند کردیا تھا۔ صوبے ننگرہار کے گورنر حیات اللہ حیات نے 29 اگست کو قونصل خانے پر دھاوا بولا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کی وجہ سے قونصل خانہ بند کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں