حبکو کی سندھ حکومت کو سمندری پانی کو میٹھا بنانے کی پیشکش

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ روزانہ 3 ہزار ٹن کچرا فراہم کرے تو ہم پاور پلانٹ بھی لگا سکتے ہیں، حبکو حکام


ویب ڈیسک September 03, 2018
شہرِ قائد کو روزانہ کی بنیاد پر 1100 میلن گیلن پانی کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ سندھ :فوٹو :فائل

حبکو نے سندھ حکومت کو سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے لئے ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کی پیشکش کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ کراچی کے لوگوں کو سمندر کے پانی کو میٹھا بنا کر مہیا کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کی پانی کی طلب 200 ملین گیلن ہے، صنعتی علاقوں کے فضلہ پانی کو کارآمد بنا کر انہیں میسر کیا جائے، شہرِ قائد کو روزانہ کی بنیاد پر 1100 میلن گیلن پانی کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں کہ کراچی کے لئے 300 میلن گیلن کا ڈی سیلینیشن پلانٹ لگایا جائے اور آہستہ آہستہ اس کی گنجائش بڑھائی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی خواہش پر حبکو نے سندھ حکومت کو 300 ملین گیلن کا ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کی پیشکش کردی۔ کمپنی کے حکام کا کہنا تھا کہ ڈی سیلینیشن پلانٹ حب کے پاس لگایا جائے، حب سے کراچی کو پانی پہنچانے کے لیے واٹر چینل بنا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حبکو حکام کے پیشکش قبول کرتے ہوئے کہا کہ کراچی 16 ہزار 500 ٹن سالڈ ویسٹ پیدا کرتا ہے، چاہتا ہوں اسی کچرے سے برقی توانائی پیدا کی جائے، اور اس کام میں حبکو ہماری مدد کرے۔

حبکو حکام نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ روزانہ 3 ہزار ٹن کچرا فراہم کرے تو ہم پاور پلانٹ لگا سکتے ہیں۔ اجلاس میں طے پایا کہ حبکو اور سندھ حکومت کے مابین منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں