امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ حملہ آورسمیت 2 افراد ہلاک 5 زخمی

ٹیکساس کے مختلف مقامات پر فائرنگ کے باعث ایک خاتون ہلاک جب کہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔

کانجو کاﺅنٹی کے علاقے میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا, پولیس۔ فوٹو: فائل

امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 2 افراد ہلاک جب کہ پولیس اہلکار سمیت 5 زخمی ہو گئے۔



غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکساس کی کانچو کاؤنٹی کے علاقے ایڈن میں ایک شخص نے اپنے پک اپ ٹرک سے چلتی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ایک خاتون ہلاک اور ایک زخمی ہو گئی۔ جس کے کچھ دیر بعد اسی شخص نے بریڈی میں ایک جنرل اسٹور کے قریب کھڑی گاڑی پر فائرنگ کرکے 2 افراد کو زخمی کردیا اور وہاں سے واپس ایڈن فرار ہوگیا جہاں اس نے ایک اور گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مزید ایک شخص زخمی ہو گیا۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 3 افراد کو فارغ کر دیا گیا ہے۔


فائرنگ کے پے در پے واقعات کے کچھ دیر بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کرکے اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی جوابی کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔


واضح رہے کہ امریکا میں کسی بھی شہری کو اسلحہ رکھنے کے لئے لائسنس کی ضرورت نہیں، اسی وجہ سے امریکا میں ہر سال 30 ہزار سے زائد لوگ فائرنگ کے واقعات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

Load Next Story