لندن طیارے کو بم سے تباہ کرنے کے الزام میں گرفتاردونوں افراد کی درخواست ضمانت مسترد

دونوں ملزمان کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دونوں کو ریمانڈ پر5 اگست تک پولیس کے حوالے کردیا گیا


ویب ڈیسک May 27, 2013
ملزمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

برطانوی عدالت نے پی آئی اے کو طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتاردونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مستردکردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 30 سالہ طیب سبحانی اور 41 سالہ محمد صفدر کو چیمسفرڈ میں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں ریمانڈ پر 5 اگست تک پولیس کے حوالے کردیا۔ دونوں افراد کو آئندہ پیشی کے موقع پر چیمسفرڈ کی کراؤن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ دوسری جانب ملزمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوران پرواز طیارے کو بم سے اڑانے کی کوئی دھمکی نہیں دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ لاہور سے مانچسٹر جانے والے پی آئی اے کی پرواز کو برطانوی حدود میں داخل ہوتے ہی جنگی جہازوں نے گھیرے میں لیتے ہوئے مانچسٹر ایئرپورٹ کے بجائے لندن کے اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتار لیا تھا اور دوران تفتیش معلوم ہوا کہ 2 افراد نے عملے سے تلخ کلامی پر طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی جس پر پائلٹ نے نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور ان دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں