ہارر فلمیں پسند نہیں ’’ گو گوا گون ‘‘ بنانے کا فیصلہ پتا نہیں کیسے کرلیا سیف علی خان

بولی وڈ میں اس رجحان کا آغاز ’’ گو، گوا ، گون‘‘ سے ہوا ہے۔ سیف علی خان اس کامیڈی اور ہارر فلم کا ہیرو ہے۔

سیف علی کے علاوہ اس فلم کے اہم اداکاروں میں کنال کھیمو اور پوجا گپتا شامل ہیں۔ فوٹو : فائل

ہالی وڈ میں برسوں سے مُردہ انسانی جسم پر قبضہ کرلینے والی بدروحوں ( زومبی ) کے بارے میں فلمیں بنائی جارہی ہیں۔

بولی وڈ میں اس رجحان کا آغاز '' گو، گوا ، گون'' سے ہوا ہے۔ سیف علی خان اس کامیڈی اور ہارر فلم کا ہیرو ہے۔ مرکزی اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اس فلم کا مشترکہ پروڈیوسر بھی ہے۔ سیف علی کے علاوہ اس فلم کے اہم اداکاروں میں کنال کھیمو اور پوجا گپتا شامل ہیں۔ '' گو، گوا، گون '' کی ہدایات راج ندی مور اور کرنا ڈی کے کی ہدایت کار جوڑی نے دی ہیں۔

یہ فلم دس مئی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ ناظرین نے ہندی سنیما پر زومبی فلموں کے آغازکو سراہا ہے، اور یہ فلم بہت پسند کی جارہی ہے۔ عام طور پر پروڈیوسر کسی بھی نئی قسم کی فلم پر سرمایہ لگانے سے کتراتے ہیں، کیوں کہ انھیں رقم کے ڈوب جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔


اس بارے میں سیف علی خان کا کہنا ہے،'' یہ ایک طرح کا رسک ضرور ہے۔ اس میں نفع اور نقصان، دونوں ہی ممکن ہیں۔ اگر ناظرین کو آپ کی کوشش پسند آگئی تو سمجھو آپ کے وارے نیارے ہوگئے، بہ صورت دیگر آپ کو اپنی رقم سے بھی ہاتھ دھونے پڑسکتے ہیں۔ خوش قسمتی سے میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا ( مسکراہٹ ) میں اس فلم کی پسندیدگی کے لیے اپنے مداحوں اور فلم بینوں کا شکرگزار ہوں۔''

دل چسپ بات یہ ہے کہ سیف علی خان کو اس طرز کی فلمیں پسند نہیں، پھر بھی اس نے یہ فلم بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس فیصلے کے پس پردہ سبب کیا تھا؟ اس سوال کے جواب میں سیف نے کہا،'' مجھے زومبی فلمیں بالکل پسند نہیں، اور مجھے نہیں پتا کہ میں نے اس موضوع پر فلم بنانے کا فیصلہ کیسے کرلیا ( قہقہ )، مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ میرے لیے بہت دل چسپ تجربہ رہا۔ اس فلم سے لطف اٹھانے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ زومبی فلموں کے دل دادہ ہوں۔'' اس فلم کی تیار کے لیے سیف کو مجبوراً کئی زومبی فلمیں دیکھنا پڑیں مگر وہ نواب زادے کو بالکل اچھی نہیں لگیں۔ البتہ اسے کو ڈریکولا پر بنائی گئی فلمیں بہت پسند ہیں۔

اپنے پروڈکشن ہاؤس کے مزید منصوبوں کے بارے میں بتاتے ہوئے سپراسٹار نے کہا،'' ہم راج اور کرشنا ڈی کے ہی کو لے کر ایک اور مزاحیہ فلم بنارہے ہیں جس میں رومانس کا عنصر بھی موجود ہوگا۔ یہ فلم ایک ایسے مصنف کے بارے میں ہوگی جس نے ایک طویل عرصے سے کوئی کتاب نہیں لکھی۔ پھر اچانک اسے ایک بولی وڈ فلم کی کہانی لکھنے کی ذمہ داری سونپ دی جاتی ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ کردار میں خود کروں گا۔ ''
Load Next Story