شوبز میں کام یابی کا فارمولا تبدیل ہوچکا

انٹرنیٹ نے ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری میں نام کمانے کے خواہش مندوں پر نئے دَر وا کردیے


Mim Ain May 27, 2013
Kickstarterجیسی ویب سائٹس نے بالخصوص اینٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام یابی کا فارمولا یکسر بدل دیا ہے۔ فوٹو : فائل

مقبول ڈراما سیریز Veronica Mars کی ہیروئن اور ہالی وڈ کی معروف اداکارہ کرسٹن بیل، اور اس شو کے خالق روب تھامس کی جانب سے اس شو کو Kickstarter پر لانچ کرنے کے اعلان سے Veronica Mars کے پرستار بہت خوش ہوئے تھے۔

Kickstarter کوئی ٹیلی ویژن چینل نہیں بلکہ ایک ویب سائٹ ہے جہاں مختلف پروجیکٹس کے خالقین اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے لوگوں سے فنڈز کے طلب گار ہوتے ہیں۔ فنڈز کی فراہمی کے عوض انھیں بہ طور پروڈیوسر متعارف کروایا جاتا ہے یا اس منصوبے میں شامل کسی معروف شخصیت کا آٹوگراف دیا جاتا ہے۔ اس کا انحصار ان کے دیے گئے فنڈز کے حجم پر ہوتا ہے۔

Veronica Mars 2004ء سے لے کر 2007ء تک ایک امریکی ٹیلی ویژن چینل سے نشر کی گئی تھی اور بہت مقبول ہوئی تھی۔ جب کرسٹن بیل اور روب تھامس نے Kickstarter پر اس ڈراما سیریز کو فلمی قالب میں ڈھالنے کے لیے فنڈز طلب کیے تو چند ہی روز میں وہ درکار بیس لاکھ ڈالر جمع کرنے میں کام یاب ہوگئے۔ اب یہ فلم زیرتکمیل ہے۔

Kickstarterجیسی ویب سائٹس نے بالخصوص اینٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام یابی کا فارمولا یکسر بدل دیا ہے۔ شوبز ایک ایسی فیلڈ ہے جس میں داخلہ بہت مشکل سے ہوتا ہے۔ لاکھوں لوگ اس جہان کا حصہ بننے کی کوشش کرتے ہیں مگر ان میں سے بہت کم ہی اپنے مقصد میں کام یاب ہوپاتے ہیں۔

انٹرنیٹ کی مقبولیت سے پہلے شوبز بالخصوص ہالی وڈ میں نام کمانے کے خواہش مندوں کو آڈیشن کے روایتی راستے سے گزرنا پڑتا تھا۔ اگرچہ اب بھی فن کاروں کے انتخاب کا معروف طریقہ یہی ہے تاہم انٹرنیٹ نے شوبز میں نام وری کی خواہش رکھنے والوں پر حصول مقصد کے لیے Kickstarter اور YouTube جیسی ویب سائٹس کی صورت میں ان گنت دَر وا کردیے ہیں۔ مزاحیہ گیت The Harlem Shake ، Billboard Hot 10 پر نمبر وَن رہا۔ اس گیت کو مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچانے میں یو ٹیوب کا بنیادی کردار تھا کیوں کہ یہ گیت پہلی بار اسی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔

انٹرنیٹ پر مقبول ہونے والے فن کاروں پر ٹیلی ویژن اور ہالی وڈ کے دروازے کُھل رہے ہیں اور انھیں ڈراموں اور فلموں میں کاسٹ کیا جارہا ہے۔ اسی طرح آن لائن مقبول ہونے والے گلوکاروں سے بھی میوزک ریکارڈنگ کمپنیاں معاہدے کررہی ہیں۔ اسی طرح انٹرنیٹ پر لانچ کی جانے والی فلموں اور ڈراموں کے مقبول ہونے پر انھیں بڑے ڈسٹری بیوٹر بھی میسر آجاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔