کراچی میں رات 12 بجے کے بعد سے اضافی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا صنعتی اور مستثنیٰ علاقوں میں کل سے کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی


ویب ڈیسک May 27, 2013
اگر مطلوبہ گیس ملی تو کل سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ معمول پر آجائے گا اور شہری علاقوں میں ساڑھے 7 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی، ترجمان کے ای ایس سی فوٹو: فائل

شہر میں آج رات 12 کے بعد سے اضافی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے زیر صدارت کے ای ایس سی اور سوئی سدرن حکام کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کے ای ایس سی اور سوئی سدرن کے درمیان واجبات کی ادائیگی اور گیس کی فراہمی کا شیڈول طے پاگیا جس کے تحت سوئی سدرن کے ای ایس سی کو یومیہ 220 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرے گا۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ آج رات 12 بجے کے بعد سے شہر میں اضافی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی جبکہ صنعتی اور مستثنیٰ علاقوں میں کل سے کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

دوسری جانب کے ای ایس سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر مطلوبہ گیس ملی تو کل سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ معمول پر آجائے گا اور شہری علاقوں میں ساڑھے 7 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے کردیا گیا تھا جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا تھا جبکہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے بھی شہر میں اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ملک میں توانائی کا شدید بحران ہے لیکن کراچی میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے بجلی اور پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں