عمران خان کوانتخابی پارلیمانی کمیشن سے بھاگنے نہیں دیں گے حمزہ شہباز

کنٹینر پر گالیاں دینا آسان کام ہے پاکستان کے معاملات چلانا مشکل ہے، حمزہ شہباز


ویب ڈیسک September 04, 2018
 (ن) لیگ جمہوریت کا تسلسل چاہتی ہے، حمزہ شہباز: فوٹو: فائل

(ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہبازکا کہنا ہے کہ عمران خان جومرضی کرلیں ہم چپ نہیں بیٹھیں گے جب کہ انہیں انتخابی پارلیمانی کمیشن سے بھاگنے بھی نہیں دیں گے۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں اگرمتفقہ اپوزیشن کا فیصلہ ہوتا تو اچھا ہوتا، معلوم نہیں پیپلزپارٹی کی کیا مجبوریاں ہیں، پیپلز پارٹی کو اپوزیشن کے ساتھ آنا پڑے گا، پہلے بھی کہا تھا کہ (ن) لیگ جمہوریت کا تسلسل چاہتی ہے جب کہ اس الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی اوربطوراحتجاج اس نظام میں شامل ہیں۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ ہمارے 13 صوبائی اسمبلی کے دستخط کے اعتراض کا خط پڑھا، معزز ارکان کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں ہوگی، اسپیکرکو بتانا چاہتا ہوں کہ ووٹوں پرنقب ڈالی گئی ہے، اپوزیشن لیڈرکا نوٹیفکیشن آچکا ہے اس کی تاخیرکا کوئی سبب نہیں تھا لیکن پرویزالہی نے طریقہ نہیں اپنایا، ہم جمہوریت کا سفرطے کرکے آئے ہیں، ہمیں مجبور نہ کریں کہ رویہ سخت ہو، ہم اس پر اجلاس بلائیں گے اسپیکر کو جواب دینا ہوگا۔

حمزہ شہبازکا کہنا ہے کہ عمران نیازی صاحب جومرضی کرلیں ہم چپ نہیں بیٹھیں گے، دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی سب کے سامنے ہوگا اورانہیں انتخابی پارلیمانی کمیشن سے بھاگنے نہیں دیں گے، کنٹینرپرگالیاں دینا آسان کام ہے پاکستان کے معاملات چلانا مشکل ہے۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کوایکسپوزکریں گے اوراولین مطالبہ ہے کہ پارلیمانی کمیشن کی فی الفورانکوائری ہونی چاہیے کیونکہ جیت کا مارجن زیادہ ہے، نیب کا نوٹس صاف پانی پرموصول ہوا ہے، اسپیکرپنجاب بینک اوراین آئی سی اسکینڈل میں ملوث ہیں اس پربھی انکوائری کروانی چاہیئے۔ پنجاب بینک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ہے، اگر حقوق چھینے جائیں گے تو گریبان پر ہاتھ ڈالیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔