نومنتخب صدر ڈاکٹرعارف علوی کی زندگی پرایک نظر

عارف علوی 1996میں عمران خان کے ساتھی بنے ان کا شمار پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں ہوتا ہے


ویب ڈیسک September 04, 2018
عارف علوی 2013کے عام انتخابات میں پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے،فوٹو: فائل

ISLAMABAD:

نومنتخب صدر عارف علوی پیشے کے اعتبارسے ڈینٹسٹ ہیں جب کہ وہ 1996میں عمران خان کے ساتھی بنے اور ان کا شمار پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں ہوتاہے۔


کراچی میں 29 جولائی 1949 کو پیدا ہونے والے ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے دندان ساز ہیں، انہوں نے ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہورسے ڈینٹل سرجری کی سند حاصل کی اور مشی گن یونیورسٹی سے 1975ء میں فن دندان سازی پروستھوڈونٹکس میں ماسٹرز اور 1984ء میں آرتھوڈانٹکس میں ماسٹرز کیا۔


زمانہ طالب علمی سے ہی عارف علوی طلبہ سیاست میں فعال دکھائی دیئے،وہ لاہور ڈینٹل کالج میں طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے اور تعلیم مکمل ہونے کے بعد عملی سیاست میں قدم رکھا۔

پچاس سالہ سیاسی کیریئر کا آغاز 1969میں جنرل ایوب خان کے دورِ حکومت میں جمہوریت کے حق میں چلنے والی تحریک سے کیا ،1979 میں جماعت اسلامی نے انہیں کراچی سے صوبائی اسمبلی کی نشست کا ٹکٹ دیا مگر وہ انتحاب میں کامیاب نہ ہوسکے۔

ڈاکٹر عارف علوی ایشیا پیسفک ڈینٹل فیڈریشن اور پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔عارف علوی 1996میں عمران خان کے ساتھی بنے،ان کا شمار پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں ہوتا ہے۔

عارف علوی 2013 کے عام انتخابات میں پہلی بار کراچی کے حلقہ 250 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جب کہ 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ 247 سے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

پارٹی سے طویل مخلصانہ وابستگی اور منجھے ہوئے سیاستدان ہونے کی بدولت برسراقتدار حکمران جماعت تحریک انصاف نے انہیں ملک کے صدر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔