بابر اعوان مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی

نیب ریفرنس کے الزامات کوغلط ثابت کرنے کے لیے میرا قانون دان کے عہدے پر رہنا مناسب عمل نہیں، بابر اعوان


ویب ڈیسک September 04, 2018
نیب ریفرنس کوغلط ثابت کرنے کے لیے میرا قانون دان کے عہدے پر رہنا مناسب نہیں، بابر اعوان (فوٹو : فائل)

تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفی دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نندی پور پاور پروجیکٹ میں نام آنے کے بعد بابر اعوان نے تحقیقات میں مدد کے لیے مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفی دے دیا، انہوں نے اپنا استعفی وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کردیا ہے۔

یہ پڑھیں: بابر اعوان، پرویز اشرف کے خلاف نندی پور پراجیکٹ میں تاخیر پر نیب ریفرنس



اپنے ٹوئٹ میں بابر اعوان نے کہا ہے کہ نیب ریفرنس کے الزامات کوغلط ثابت کرنے کے لیے میرا بطور قانون دان عہدے پر رہنا مناسب عمل نہیں، قانون کی بالادستی کا آغاز اپنی ذات سے کررہا ہوں کیوں کہ ہمارے جلیل القدر صحابہ کرامؓ کا طریقہ کار بھی یہی ہے، کرسی سے چمٹے رہنے کے بجائے استعفی دے کر کپتان کو ارسال کردیا ہے تاکہ عدالت میں ڈٹ کر اپنی بے گناہی ثابت کرسکوں۔



وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بابر اعوان کی جانب سے منصب سے علیحدگی کے فیصلے کو سراہا ہے، بابر اعوان نندی پور مقدمے میں تحقیقات تک منصب سے الگ رہیں گے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دوبارہ منصب سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر پر بابر اعوان اور پرویز اشرف کے خلاف نیب ریفرنس قائم کردیا گیا ہے، ریفرنس کے مطابق تمام ملزمان کی غفلت کی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔