ساڑھے 5 کروڑ کی بینک ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

6 ملزمان مفرور، پی آئی بی کالونی سے گرفتار ملزمان سے 14 لاکھ روپے برآمد کیے گئے


Staff Reporter May 28, 2013
ملزمان نے واردات سے قبل ایک ہفتے تک بینک کی مکمل ریکی کی، احمد یار چوہان فوٹو: فائل

نیو ٹاؤن میں تقریباً ساڑھے 5 کروڑ روپے کی بینک ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور لوٹی گئی رقم میں سے 14 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے۔

واردات میں ملوث 6 ملزمان تاحال مفرور ہیں جن کی تلاش میں کراچی کے علاوہ مختلف شہروں میں بھی چھاپے مارے جارہے ہیں ، ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ احمد یار چوہان نے پریس کانفرنس میںبتایا کہ پولیس نے پی آئی بی کالونی کی کچی آبادی میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان زاہد خان ولد عبداللہ خان اور حفیظ اللہ ولد حمید اللہ کوگرفتار کرلیا۔



انھوں نے بتایا کہ ملزمان 30 اپریل کو نیو ٹاؤن کے علاقے چاندنی چوک پر واقع نجی بینک سے ساڑھے5 کروڑ روپے لوٹنے کی واردات میں ملوث ہیں،پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹی گئی رقم میں سے 14 لاکھ روپے بھی برآمد کرلیے، ایس پی کا کہنا تھا کہ واردات کا ماسٹر مائنڈ امتیاز لاشاری تھا جبکہ واردات میں بینک کا سیکیورٹی گارڈ طاہر شیخ ، ممتاز لاشاری،صدام حسین اور مزید 2 ملزمان شامل تھے،ملزمان نے واردات سے قبل ایک ہفتے تک مذکورہ بینک کی مکمل ریکی کی جس کے بعد موقع ملتے ہی بینک کا صفایا کردیا۔

ایس پی احمد یار چوہان نے مزید کہا کہ ملزمان نے مجموعی طور پر 5 کروڑ38 لاکھ روپے لوٹے تھے، واردات کے بعد ممتاز لاشاری نے تمام ملزمان کے درمیان 10-10 لاکھ روپے تقسیم کیے جبکہ باقی رقم کے بارے میں اس نے بتایا کہ طاہر شیخ لے کر فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش میں پولیس مختلف شہروں میں بھی چھاپے مار رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں