اسمگلڈ اشیا کے گوداموں کیخلاف انفارمیشن بیسڈ آپریشن کا فیصلہ

کراچی کے جوڑیابازارمیں چھاپے،لاکھوں روپے کا کپڑا،سگریٹ،چھالیہ ودیگراسمگل شدہ سامان ضبط


Irshad Ansari September 05, 2018
کراچی،لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی اور پشاورسمیت7 بڑے شہروں کے بعد دائرہ کار بڑھایا جائے گا، ایف بی آر۔ فوٹو : فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے انسداد اسمگلنگ ادارے نے کراچی لاہور، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں اسمگل شدہ غیر قانونی سامان سے بھرے گوداموں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آرکے ماتحت ادارے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن کی چھاپہ مارک ٹیم نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے معروف کارروباری علاقے جوڑیا بازار میں اسمگل شدہ غیر قانونی کپڑے، سگریٹ اور چھالیہ سمیت دیگر اسمگل شدہ اشیا سے بھرے گوداموں پر چھاپے مار کر لاکھوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلی ہیں۔

دستاویزکے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈ کوارٹرز کو موصول ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کلکٹریٹ پریوینٹوہیڈ کوارٹرز ون کراچی کو قابل اعتماد ذرائع سے مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کراچی کے جوڑیا بازار میں قائم بڑے گوداموں میں اسمگل شدہ اشیا لاکر ڈمپ کی جارہی ہیں جو یہاں سے نہ صرف کراچی کے مختلف علاقوں کو سپلائی ہوتی ہیں بلکہ ملک کے دوسرے حصول میں بھی بھجوائی جارہی ہیں۔

کلکٹریٹ ہیڈ کوارٹرز کو اطلاع فراہم کرنے والے ذرائع نے ان گوداموں کی جوڑیا بازار کے واضع نقشوں کے ساتھ رہنمائی کی جس پر ایڈیشنل کلکٹر ہیڈ کوارٹر ون کلکٹر پریوینٹو کراچی کی براہ راست نگرانی میں ڈپٹی کلکٹر انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جس نے دریالال سٹریٹ اور محمدی کمپاؤنڈ جوڑیا بازار میں واقع اسمگل شدہ اشیا سے بھرے گوداموں پر چھاپے مار کر لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی غیر ملکی کپڑا، اسمگل شدہ غیر ملکی سگریٹس کے143ڈنڈے، اور گٹکے کے 4 لاکھ 86 ہزار تھیلوں کے علاوہ 38 ہزار 600 کلو گرام اسمگل شدہ چھالیہ قبضے میں لے لی ہے اورگوداموں سے پکڑی جانے والی یہ اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلی گئی ہیں۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسمگل شدہ اشیا ڈمپ کرنے والے مجرموں کے خلاف کارروائی کیلیے ایف آئی آر بھی درج کروائی جارہی ہے جس کے تحت ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔

اس بارے میں فیڈرل بورڈ آف ر یونیو کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر نے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن کے ذریعے ملک بھر میں اسمگل شدہ اشیا کا غیر قانونی کارروبار کرنے والوں کے خلاف انفارمیشن بیسڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے یہ آپریشن کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے ساتھ بڑے شہروں میں کیا جائے گا، اس کے بعد اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں غیر دستاویزی اکانومی کا حجم کم کرنا اور ملکی معیشت کو دستاویزی بنانا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |