کراچی پولیس کا شراب کی اصلی بوتلوں کی برآمدگی کا دعویٰ

مقدمے میں ایک اوردفعہ کا اضافہ،ملزمان،گواہ متضادبیانات دے رہے ہیں،ڈی آئی جی ساؤتھ

مقدمے میں ایک اوردفعہ کا اضافہ،ملزمان،گواہ متضادبیانات دے رہے ہیں،ڈی آئی جی ساؤتھ۔ فوٹو: فائل

کراچی پولیس نے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی اصلی بوتلیں برآمدگی کا دعویٰ کیا ہے۔

شراب ملنے کے معاملے پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کمیٹی کی دفعہ 201 کے تحت قانونی کارروائی کرنے کی سفارش کی۔شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمدگی کے درج مقدمے میں ایک اور دفعہ کا اضافہ کردیا گیا۔

تحقیقاتی کمیٹی نے شرجیل میمن کے کمرے کی ڈیوٹی پر مامورجیل عملہ ، کورٹ پولیس اور ذاتی ملازمین کو شامل تفتیش کرلیا جبکہ تحقیقاتی ٹیم نے بوتلوں میں موجود سیال مائع(محلول) کے بارے میں کیمیکل ایگزامنرکی رپورٹ کی مزید جانچ کے لیے سیکریٹری صحت سندھ سے استدعا کردی۔

تحقیقاٹی ٹیم نے جیل عملے ، کورٹ پولیس اور ذاتی ملازمین کو حراست میں لے لیا ، شراب کی بوتلیں 2 تھیں یا 3 اب تک تعین نہیں ہوسکا ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزمان ، گواہان اور دیگر افراد اس حوالے سے متضاد بیانات دے رہے ہیں۔

جاری اعلامیے کے مطابق 4 امتناع منشیات آرڈیننس کے تحت درج مقدمہ الزام نمبر398/2018 میں ایک اور دفعہ 201 تعزیرات پاکستان کا اضافہ کیا گیا ہے۔تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کے مشاہدے میں ایک مشکوک پیکٹ یا شاپر کی منتقلی کو دیکھا گیا جس میں شرجیل میمن کے ذاتی ملازمین کو ملوث پایا گیا جس پرتحقیقاتی کمیٹی کوقوی شک ہے کہ ثبوتوں کو ضائع کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔


سب جیل میں مامور جیل عملے اورکورٹ پولیس نے اپنے فرائض میں کوتاہی برتی ہے جس سے شک کو مزید تقویت ملتی ہے، تحقیقاتی ٹیم دیگرگواہان، مشکوک افراد کے بیانات مزید سی سی ٹی وی فوٹیج کی ریکارڈ نگ دیکھنے کے بعد اپنی حتمی رائے قائم کرے گی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی نے سینٹرل جیل کے اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ مجاہد خان ، نسیم شجراج اور کورٹ پولیس کے 2 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ شرجیل میمن کے کمرے پر چھاپے کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے 3 بوتلوں کا ذکر کیا تھا اور چیف جسٹس کے جانے کے بعد بوتلیں مبینہ طور پرغائب کردی گئی تھیں جسے بعدازاں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اسپتال کے کاؤنٹر سے برآمد کرلی تھیں، شرجیل میمن کے اسپتال کے کمرے سے شہد اور زیتون کا تیل برآمد ہونے کے پارٹی پروپیگنڈے کو کراچی پولیس حکام نے مستردکردیا ۔

ایک اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق چیف جسٹس کی ہدایت پرجب سپریم کورٹ کی ٹیم ضیا الدین اسپتال کی سب جیل پہنچی تو پولیس کے دباؤ پرشرجیل انعام میمن کے ملازمین نے ہوبہو ویسی ہی شراب کی خالی بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل ڈال کر پیش کردیا تھا اس کے ساتھ ہی پیش کردہ بوتلوں کی تصاویربھی سوشل میڈیا پروائرل کردیں۔

پولیس کے اعلیٰ تحقیقاتی افسر کے مطابق تحقیقات کے دوران اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج قبضے میں لی گئی تو ان وڈیوز کی مدد سے شرجیل انعام میمن کے ایک ملازم کو سب جیل کے کمرے سے شاپنگ بیگ میں شراب کی بوتلیں لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق جیل انتظامیہ کا پیشہ ورانہ کردار مشکوک اور غیر قانونی پایا گیا ہے۔
Load Next Story