کابل میں اسپورٹس کلب پر خود کش حملوں میں 20 افراد ہلاک

معصوم شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، افغان صدر


ویب ڈیسک September 05, 2018
دھماکوں میں 70سے زائد افراد زخمی ہوئے،فوٹو: فائل

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسپورٹس کلب میں خودکش حملوں کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خود کش حملہ آوروں نے کابل کے علاقے دشتِ برچی میں اسپورٹس کلب کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں ریسلنگ کا میچ جاری تھا جسے سیکڑوں کی تعداد میں دیکھنے کے لیے لوگ موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کابل میں ایمبولینس بم دھماکا، 95 افراد جاں بحق اور 151 زخمی

ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے ہجوم میں پہنچ کر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جس کے بعد دوسرے حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی لوگوں سے ٹکرادی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی اس وقت ٹکرائی جب میڈیا کے نمائندے اور امدادی اداروں کے اہلکار جائے دھماکا پر کھڑے تھے۔

افغان صدر اشرف غنی نے خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے جب کہ صحافیوں کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کی ایک مذموم کوشش ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں