پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں وزیراعظم

دہشت گردی کے منطقی انجام تک بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے، وزیراعظم

شہدا اور غازیوں نے وطن کی حفاظت کا فریضہ بخوبی انجام دیا، وزیراعظم ۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا یوم دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یوم دفاع پاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، ''ہمیں پیار ہے پاکستان سے'' کا عنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے اور یہ جذبہ صرف 6 ستمبر تک محدود نہیں بلکہ اسی کی حقیقی روح سال بھر زندہ رہتی ہے۔


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، افواج پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے میں جرات کو سراہتا ہوں، ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی سر انجام دیا جب کہ دہشت گردی کے منطقی انجام تک بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، ہم اپنے تمام ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت پر کہا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں، مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل خطے کے امن کے لئے ناگزیر ہے۔
Load Next Story