ملکی دفاع کیلیے جان بھی حاضر ہے فنکاروں کا شہداء کو خراج تحسین

6ستمبر1965ء کودشمن فوجوں نے ناپاک عزائم دکھائے توپاک فوج کے جوانوں نے بھرپورانداز سے جواب دیا، دشمن کومنہ کی کھانی پڑی


Qaiser Iftikhar September 06, 2018
ترنم نورجہاں نے ملی نغمے گا کرفوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھایا،اسی بدولت آج ہم اگرایک آزاد اورپرامن ملک میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

فنکاروں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی دفاع کیلیے جان بھی حاضر ہے۔

6ستمبر1965ء کا تاریخی دن آج بھی پوری قوم کو یاد ہے، ہمارے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں نے جس طرح اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ، اس پرپوری قوم کوفخر ہے۔ آج اس بات کوسال نہیں بلکہ دہائیاں بیت چکی ہیں لیکن پھربھی شہداء کی بے مثل قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جس طرح زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے یوم دفاع کومناتے ہیںِ، اسی طرح شوبزسے وابستہ لوگ بھی یوم شہداء کوروایتی جذبے کے ساتھ مناتے اوراس حوالے سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔

اس سلسلہ میں ''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے اداکارمصطفیٰ قریشی، غلام محی الدین ، مدیحہ شاہ، زاراشیخ، ولی حامد علی خاں اور ریجا علی نے کہا ہے کہ دشمن کی فوجوں نے جب سرحد پارکرتے ہوئے اپنے ناپاک عزائم دکھائے توپاک فوج کے جوانوں نے انھیں بھرپورانداز سے جواب دیا۔ ایک طرف ہوائی حملے جاری تھے تودوسری جانب گہرے سمندروں میں پاک بحریہ کے جوان سرحد کی حفاظت کرنے پرلگے تھے۔ یہی نہیں بری فوج کے دستوں نے سرحدوںکو چاروں طرف سے محفوظ رکھنے کیلیے ایسی حکمت عملی اپنائی کہ دشمن کومنہ کی کھانی پڑی۔

انھوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جس طرح پاکستان کی فوج نے بھارت کی تعداد میں بہت بڑی فوج کونقصان پہنچایا اوران کے فوجیوں کو قیدی بنایا، اس پرپوری دنیا حیران تھی۔ یہ ہمارے جوانوں کا جذبہ ہی تھا اوراس کے ساتھ ساتھ عام شہریوں نے بھی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہرقربانی کیلیے جوعزم دکھایا، اس کولفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔

جہاں تک بات فنون لطیفہ سے وابستہ فنکاروں کی ہے توملکہ ترنم نورجہاں کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ انھوں نے جس طرح ملی نغمے گا کرفوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھایا، وہ سماں بھی دیدنی تھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ آج ہم اگرایک آزاد اورپرامن ملک میں زندگی بسر کررہے ہیں تویہ صرف اورصرف پاک فوج کی بدولت ہے۔ اس لیے ہم شہداء چھ ستمبر کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کوسلام کرتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔