بھارت اور امریکا میں حساس دفاعی ٹیکنالوجی کے معاہدے پر دستخط  

امریکا نے نیوکلیئرسپلائی گروپ میں بھارت کی شمولیت کیلیے تعاون پر بھی اتفاق کیا، سشما سوراج

نیوکلیئرسپلائی گروپ میں بھارت کی شمولیت کیلیے کام کرنے پر بھی اتفاق فوٹو:سوشل میڈیا

امریکا اور بھارت کے درمیان اہم فوجی معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت بھارت امریکا سے حساس دفاعی ٹیکنالوجی کی خریداری کرسکے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور وزیر دفاع جیمس میٹس بھارت کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا ستھارامان سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سیاسی تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔


جیمس میٹس اور نرملا ستھارامان نے اہم فوجی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت بھارت امریکی حساس دفاعی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرسکے گا۔ اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ سرحدی دہشتگردی روکنے کے لیے دونوں ممالک کا ایک نظریہ ہے، امریکا نے نیوکلیئرسپلائی گروپ میں بھارت کی شمولیت کیلیے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : امریکا نے کوئی ڈومور کا مطالبہ نہیں کیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو مختصر دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، افغانستان میں امن عمل اور پاکستان کے لیے امریکی امداد کی معطلی کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔ مائک پومپیو کی زیر قیادت وفد میں امریکی فوج کے جنرل جوزف ڈنفورڈ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Load Next Story