یوم دفاع قومی کرکٹرز کا شہدا کو خراج عقیدت

شاہد آفریدی، شعیب ملک، حفیظ و دیگر کا وطن عزیز کیلیے تن دھن کی قربانی کے عزم کا اظہار

شاہد آفریدی، شعیب ملک، حفیظ و دیگر کا وطن عزیز کیلیے تن دھن کی قربانی کے عزم کا اظہار۔ فوٹو: فائل

یوم دفاع کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

6 ستمبر 1965 کا دن پاکستان کی جنگی تاریخ کا روشن باب ہے جب پاک فوج نے اپنے سے 3 گنا بڑی بھارتی فوج کو شرمناک شکست سے دوچار کیا۔ اْس وقت سے لے کر اب تک ملکی دفاع کے لیے ہمارے فوجی جوان آج بھی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ ایسے میں قومی کرکٹرز نے بھی یوم دفاع و شہدا پر اپنے پیغامات میں وطن عزیز کے لیے جان کی قربانی دینے والوں کو سلام پیش کیا ہے۔

آل راؤنڈر کرکٹر شعیب ملک نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کے شہدا کو سلام پیش کیا ہے۔ سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے قوم کے شہدا کو سلام پیش کیا۔ فاسٹ بولر حسن علی نے بھی وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کی تصویر شیئر کرکے انہیں اے راہ حق کے شہیدوں وفا کی تصویروں سے خراج عقیدت پیش کیا۔


فاسٹ بولر وہاب ریاض نے یوم دفاع پر شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کیا۔ وہاب ریاض نے اپنے پیغام میں لکھا، اس روئے زمین پر ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو مٹاسکے۔ انھوں نے کہا کہ سلام ان شہدا پر جنھوں نے اپنی آخری سانس تک اس ملک کی حفاظت کی۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی یومِ دفاع پاکستان پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور شہریوں کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا، ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم اپنے بہادر فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی نے کہا کہ ان شہدا کو سلام جنھوں نے ہمارے آج اور کل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔
Load Next Story