انڈر 19 ایشیا کپ میں قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی پاسکتی ہے کوچ

کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے، ایونٹ میں سخت مقابلے متوقع ہیں، اعظم خان

کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے، ایونٹ میں سخت مقابلے متوقع ہیں، اعظم خان. فوٹو:فائل

PESHAWAR:
ایشین کرکٹ کونسل یوتھ انڈر19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018 کے لیے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اعظم خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی پاسکتا ہے لیکن ہار جیت سے قطع نظر ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اعتماد بخشنے کی ضرورت ہوگی۔

نیشنل اسٹیڈیم پر نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اے کرکٹ ٹیم اور قومی ویمن ٹیم کی کوچنگ کرنے والے اعظم خان نے کہا کہ ایشیائی جونیئر کپ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، ایونٹ سے قبل قومی جونیئر تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ان کی خامیوں کو دور کرنے پر کام کیا جائے گا۔ یہ ایک چیلنجنگ مرحلہ ہوگا۔


ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ 8 ٹیموں کے درمیان ہونے والے ایشیا جونیئر کپ میں سخت مقابلے متوقع ہیں، ایونٹ میں شریک ٹیمیں کافی وقت سے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ ہمیں تیاری کے لیے کم وقت ملا ہے لیکن کوشش کی جائے گی کہ بہتر نتائج سامنے لائیں، امید ہے کہ پاکستان کو مستقبل کے ایک سے دو اچھے کرکٹر مل جائیں گے۔

اعظم خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بہت اہمیت کی حامل ہوگی جبکہ حریف ٹیموں سے مقابلوں میں ان کوفیلڈنگ اور بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی بہتری لانے کے مواقع میسر آئیں گے، کھیل میں جیت کا جذبہ ہونا ضروری ہے لیکن مجھے کہنے میں کوئی عار نہیں کہ جونیئر سطح کے مقابلوں پر ہار جیت سے قطع نظر کھلاڑیوں کے اعتماد اور تجربے میں اضافہ زیادہ ضروری ہے، جیت کا دبائو ڈال کر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جلا نہیں بخشی جاسکتی، ان میں فائٹ اسپرٹ پیدا کی جائے تو وہ زیادہ موثر ثابت ہوسکتی ہے، واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل یوتھ انڈر19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ2018 بنگلہ دیشں میں 29 ستمبر سے شروع ہورہا ہے۔

گروپ اے میں افغانستان، بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں، جن کے لیگ میچز کاکس بازار کے شیخ کمال انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور اکیڈمی گرائونڈ پر کھیلے جائیں گے جبکہ گروپ بی میں شامل پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں چٹا کانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم اورایم اے عزیز اسٹیڈیم پر صف آرا ہوں گی، ہر گروپ سے 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں شرکت کی حقدار ہوں گی، فائنل 7 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
Load Next Story