شری شانتھ کو بدنام زمانہ تہاڑ جیل بھیج دیا گیا

شادی کرنے کے لیے انکیت چھاون کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔


Sports Desk May 29, 2013
چنڈیلا اور بکیز بھی ساتھ گئے، وندوجمعے تک پولیس کی تحویل میں رہیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار شری شانتھ کو بدنام زمانہ تہاڑ جیل بھیج دیا گیا۔

عدالت نے پولیس کی فاسٹ بولر کو مزید دو روز تحویل میں دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 4 جون تک کا جوڈیشل ریمانڈ دے دیا، اجیت چنڈیلا اور بکیز کو بھی جیل بھیج دیا گیا، اداکار وندو دارا سنگھ جمعے تک پولیس کسٹڈی میں رہیں گے،شادی کرنے کیلیے انکیت چھاون کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ سے حاصل ہونے والی دولت پر گلچھڑے اڑانے والے بھارتی فاسٹ بولر شری شانتھ اب تہاڑ جیل کی ہوا کھا رہے ہیں، انھیں گذشتہ روز عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر 4 جون تک جیل بھیجا ، اسی کیس میں گرفتار ایک اور کھلاڑی اجیت چنڈیلا بھی ہمراہ ہیں۔



راجستھان رائلز سے تعلق رکھنے والے ان کھلاڑیوں کو پولیس نے اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں گرفتار کیا تھا، پولیس کی جانب سے مزید دو روز تک کسٹڈی کی درخواست کی گئی جسے دہلی کی مقامی عدالت نے مسترد کردیا، ان دونوں کرکٹرز کے ساتھ دو بکیز ایشوانی اور چندریش پٹے کو بھی چار جون تک کیلیے تہاڑ جیل بھیجا گیا۔ شری شانتھ اس موقع پر سخت افسردہ دکھائی دے رہے تھے، انھوں نے میڈیا کی جانب انگلیوں سے 'وکٹری' کا نشان بھی بنایا۔

دوسری جانب ممبئی پولیس کے کرائم برانچ نے اسی کیس میں گرفتار اداکار وندو دارا سنگھ کو بھی عدالت میں پیش کیا جہاں پر وکیل صفائی نے دلائل دیے کہ وندو کو جوا کھیلنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا جو قابل ضمانت جرم ہے، ان کا موکل فکسنگ میں ملوث نہیں مگر مجسٹریٹ اس دلیل سے متاثر نہیں ہوئے اور وندو کو31 مئی تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں