فرنچ اوپن ماریا شراپووا نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا

بلغارین بوائے فرینڈ گریگوری دیمیتروف بھی کامیاب، ٹامی ہاس اور نکولائی ڈیوڈنکو نے ابتدائی حریفوں کو پچھاڑ دیا۔


AFP/Sports Desk May 29, 2013
بارش کے سبب میچز 3 گھنٹے تاخیر کا شکار۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

فرنچ اوپن میں دفاعی چیمپئن روسی پلیئر ماریا شراپووا کے بعد بلغارین بوائے فرینڈ گریگوری دیمیتروف نے بھی پہلا مرحلہ عبور کرلیا۔

جرمنی کے ٹامی ہاس اور نکولائی ڈیوڈنکو نے ابتدائی حریفوں کو پچھاڑ دیا، تیسرے دن شہر میں ہونے والی بارش کے سبب میچز تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن میں ویمنز سنگلز کی دفاعی چیمپئن روسی اسٹار ماریا شراپووا نے نے پہلے راؤنڈ میں چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2،6-1 سے ہرادیا، ورلڈ نمبر83 جاپانی پلیئر کیمیکو ڈیٹ کروم کو آسٹریلوی پلیئر سمانتھا اسٹوسر نے 6-0، 6-2 سے زیر کیا،اسٹوسر 2010 میں فرانسسکا شیوانے سے فرنچ اوپن کا فائنل ہارگئی تھی۔



امریکا کی سلونی اسٹیفنز نے اطالوی حریف کیرن کینپ کو6-2، 7-5 سے مات دی،قازقستان کی یاروسیلوا شیوڈووا نے امریکا کی کوکو ویندے ویگے کیخلاف 6-0، 3-6 اور 6-2 سے فتح پائی، سربیا کی جیلینا جینکووچ نے سلواکین حریف ڈنیلا ہنچووا کو 6-4، 7-6 سے زیر کیا، فرانس کی آلیز کورنیٹ نے ماریا جوآو کوہیلر کو7-5، 6-2 سے ہرایا۔دوسری جانب مینز سنگلز میں ماریا شراپووا کے نئے بوائے فرینڈ بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف نے بھی ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا، ' بے بی فیڈرر' کی عرفیت رکھنے والے گریگور دیمیتروف کے مقابل آنے والے کولمبین پلیئر الیجاندرو فالا نے ابتدائی سیٹ 6-4 سے ہارنے کے بعد دوسرے کا ابتدائی گیمز کھونے کے بعد دستبرداری اختیار کرلی۔

22 سالہ دیمیتروف ممکنہ طور پر تیسرے راؤنڈ میں موجودہ عالمی نمبرون سربیا کے نووک جوکووک کا سامنا کریں گے، روس کے دیمتری ترسنوف نے یوکرینی کوالیفائر اولیکسینڈر ڈولگوپولوف کو 7-6، 6-4 اور 7-6 سے ہرادیا، برنارڈ ٹومک کا قصہ وکٹرہینسکو نے تمام کردیا، ان کی جیت کا اسکور 7-5، 7-6 اور 2-1 رہا، جرمنی کے ٹامی ہاس نے فرنچ حریف گولیم روفن کو 7-6، 6-1 اور 6-3 سے زیرکرلیا، امریکی کوالیفائر جیک سوک نے اسپین کے معروف پلیئر گولیرمو گارشیا لوپز کو 6-2، 6-2 اور 7-5 سے قابو کرلیا۔ ارجنٹائن کے فیڈریکو ڈیلبوئنز نے جرمن پلیئر ولین رائسٹر کو 7-6، 6-1، 6-0 اور 4-6 سے ٹھکانے لگادیا، نکولائی ڈیوڈنکو نے فلورینٹ سیرا کو 6-3، 6-4 اور 7-5 سے مات دے دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں