شراب برآمدگی میرا ذاتی معاملہ ہے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں شرجیل میمن

چیف جسٹس کے اچانک دورے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی تھیں


ویب ڈیسک September 08, 2018
شرجیل میمن کو وزارت اطلاعات میں کرپشن کے مقدمے میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ فوٹو : فائل

سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ شراب برآمدگی کا کیس میرا ذاتی معاملہ ہے جس سے پارٹی کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کو 6 ارب روپے کرپشن کے کیس کی سماعت پر بکتر بند گاڑی میں نیب کورٹ لایا گیا جہاں صحافیوں نے ضیاء الدین اسپتال کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے کے معاملے پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔

سابق وزیر شرجیل میمن نے صحافیوں کو جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ شراب برآمدگی کا کیس ابھی چل رہا ہے اور انکوائری جاری ہے، سچ سب کے سامنے آ جائے گا تاہم ابھی اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے کا مجاز نہیں۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ چیف جسٹس کے سب جیل دورے پر آپ کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے پر آپ کی جماعت دفاع نہیں کر رہی ہے جس پر شرجیل میمن نے جواب دیا کہ یہ میرا ذاتی معاملہ ہے جس سے پارٹی کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ضیاء الدین اسپتال میں شرجیل میمن کے لیے سب جیل قرار دیئے گئے کمرے کا دورہ کیا تھا جس کے دوران شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔