شاہد آفریدی نے نسوار لگانے کی تردید کردی

سابق کرکٹر نے کہا کہ انہوں نے نسوار نہیں بلکہ لونگ اور سونف کھائی تھی


ویب ڈیسک September 08, 2018
سابق کرکٹر نے کہا کہ انہوں نے نسوار نہیں بلکہ لونگ اور سونف کھائی تھی فوٹو:فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے یوم دفاع کی تقریب میں نسوار لگانے کی تردید کردی۔

6 ستمبر کو جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع کی تقریب میں شاہد آفریدی نے بھی شرکت کی تھی۔ ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ تقریب کے دوران بظاہر نسوار لگاتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم انہوں نے اس کی تردید کی ہے۔



کراچی میں نجی تعلیمی ادارے میں شرح خواندگی سے متعلق کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں شاہد آفریدی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صحافی نے شاہد آفریدی سے نسوار لگانے والی ویڈیو سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے صحافیوں کو لونگ اور سونف خوشبو کا مزہ لینے کی پیشکش کردی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جو چیز میں نے تقریب میں کھائی تھی وہ میرے پاس اس وقت بھی موجود ہے، اگر چکھنا ہے تو آپ بھی چکھ سکتے ہیں، لونگ اور سونف خوشبو کا مزہ لینا ہے تو میرے پاس یہ موجود ہے۔ پھر شاہد آفریدی نے پیکٹ کھولا اور اس میں سے چیز نکال کر اپنے ہاتھ سے صحافی کو کھلادی۔



تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ تعلیم ہے جو پیچھے رہ گئی ہے جبکہ بچے موبائل فون اور گیجٹس کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں، عمران خان ہم سب کی آخری امید ہیں، میڈیا، اپوزیشن اور عوام سب کو مل کر عمران خان کی سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم عمران خان تنہا سب کچھ نہیں کرسکتے اور ہمیں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ صادق محمد کو انڈر 19 کی کوچنگ نہیں بلکہ دعاؤں کی ضرورت ہے، ان کی عزت اپنی جگہ ہے تاہم انہیں اب آرام کرنا چاہیئے، قومی انڈر 19 ٹیم کا کوچ کم عمر کا ہونا چاہیئے، پاکستان ٹیم کی کارکردگی برقراررہی تو ایشیا کپ میں جیت یقینی ہے۔

واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کے لیے پی سی بی نے سابق تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو انڈر 19 ٹیم کا منیجر بنایا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔