مخدوم شہاب کا فرنٹ مین انجم شاہ وعدہ معاف گواہ بن گیا

انسدادمنشیات کی عدالت نے بیان ریکارڈکرکے نام ملزمان کی فہرست سے نکال دیا


Numainda Express May 29, 2013
انسدادمنشیات کی عدالت نے بیان ریکارڈکرکے نام ملزمان کی فہرست سے نکال دیا فوٹو: ايكسپريس/فائل

ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین کوٹاالاٹمنٹ واسمگلنگ کیس میں گزشتہ روز 10لاکھ روپے نقد جمع کراکے ضمانت پر رہا ہونے والے ملزم انجم شاہ، سابق وفاقی وزیرصحت مخدوم شہاب الدین اور ایفی ڈرین کا 2500 کلوکا کوٹا الاٹ کرانے والی اسلام آبادکی فارماسیوٹیکل کمپنی داناس کے ڈائریکٹرکرنل(ر) طاہرالودود اور عنصر چوہدری کے خلاف باقاعدہ وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

منگل کو انھوں نے انسدادمنشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمودتبسم کی عدالت میں تفتیشی ٹیم ایس پی عابد ذوالفقار کے ہمراہ پیش ہوکر بطوروعدہ معاف گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس پر عدالت نے ان کا نام ملزمان کی فہرست سے خارج کرکے گواہان کی فہرست میں شامل کردیا۔ انجم شاہ نے بیان میں انکشاف کیاکہ وہ سابق وفاقی وزیرکے دوست ہیں، ان کی وزارت کے دوران ان کے لیے بطورفرنٹ مین کام کرتے تھے۔ داناس کمپنی کو2500کلو ایفی ڈرین کاکوٹا اور بعدازاں اس کی اندرون ملک فروخت کے اجازت نامے کیلیے کمپنی کے دونوں ڈائریکٹرز نے انھیں معاہدے کے مطابق 60لاکھ روپے بطوررشوت دیے جن میں 25لاکھ روپے مالیت کا ایک چیک اور35لاکھ روپے نقدرقم تھی۔



یہ رقم سابق وفاقی وزیرکوپہنچائی تھی۔ اس سودے کیلیے میں نے ہی ان دونوںکو سابق وفاقی وزیرسے ملوایاتھا۔ اس نے بتایاکہ ایفی ڈرین کی الاٹمنٹ کے لیے باقاعدہ لین دین ہوتا رہاہے۔ ان کا یہ بیان مقدمے کے ریکارڈ کا حصہ بنادیا گیاہے۔ اس اہم ترین مقدمے میں وعدہ معاف گواہان کی تعداد اب8 ہوگئی۔ اب صرف ایک ملزم سابق سیکریٹری صحت خوشنوداختر لاشاری مفرور ہیں۔ اینٹی نارکوٹکس فورس انھیں بھی سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنانے کے لیے بیرون ملک سے واپس لانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس مقصد کے لیے سابق سیکریٹری کی پہلے ضمانت منظورکرائی جائے گی اس کے بعد ان کا نام بھی ملزمان کی فہرست سے نکال کر وعدہ معاف گواہان کی فہرست میں شامل کرایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں