کرکٹ کی ایشیائی جنگ لشکر آج سے دبئی میں پڑاؤ ڈالیں گے

کل تیاریوں کی حتمی جانچ شروع ہوگی، ٹرافی آئی سی سی اکیڈمی میں عوامی دیدار کے لیے رکھ دی گئی


Sports Desk September 09, 2018
ون ڈے دفاعی چیمپئن سری لنکا نے باقی ٹیموں کیلیے وارننگ جاری کردی، ٹرافی واپس لے جائیں گے،انجیلو میتھیوز۔ فوٹو: آئی سی سی

ISLAMABAD: کرکٹ کی ایشیائی جنگ کیلیے 'لشکر' اتوار سے دبئی میں پڑائو ڈالیں گے جب کہ پیر سے تیاریوں کی حتمی جانچ شروع ہوگی۔

ایشیا کپ کی ٹرافی کو دبئی میں آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں ہفتے کے روز چند گھنٹوں کیلیے رکھا گیا تاکہ شائقین کرکٹ قریب سے اس کا نظارہ کرسکیں۔ اس موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے مارکیٹنگ منیجر پربھاکرن دھنراج بھی موجود تھے، وہ بی سی سی آئی اور ایشین کرکٹ کونسل دونوں کی نمائندگی کررہے تھے، دبئی اسپورٹس سٹی کے چیف فنانشل آفیسر وجے سجانہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایشیا کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی یو اے ای آمد کا سلسلہ اتوار سے شروع ہوگا جبکہ وہ ٹریننگ کا آغاز پیر سے دبئی اسپورٹس سٹی میں قائم آئی سی سی اکیڈمی میں کریں گی۔ آخری مرتبہ ایشیا کپ کا ایونٹ ون ڈے فارمیٹ میں 2014 میں کھیلا گیا تھا جس میں سری لنکا نے ٹرافی جیتی تھی، تب آئی لینڈرز کی قیادت انجیلو میتھیوز کے پاس تھی جو اس وقت بھی ٹیم کے قائد اور ایک بار پھر ٹرافی اپنے وطن واپس لے جانے کیلیے پُراعتماد ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ہماری ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں سے مزین ہے، مجھے اس ایونٹ کیلیے بہترین اسکواڈ ملا، ہمارے پاس کسی بھی ٹیم کو زیر کرنے کی صلاحیتیں اور توانائیاں موجود اور ہم آنے والے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ اس ایونٹ میں کوالیفائر کیلیے مختص واحد جگہ پر ہانگ کانگ نے قبضہ کیا جس نے کوالیفائنگ ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں یو اے ای کو شکست دی تھی۔اس کے کپتان انوشمان راٹھ ایشیائی شوپیس ایونٹ میں جگہ بنانے اور پاکستان و بھارت کے ساتھ گروپ اے میں مقابلے کا موقع پانے پر کافی خوش ہیں،انھیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ وہ کوالالمپور میں کھیلے گئے ایشین کپ کوالیفائرز کے فائنل میں یو اے ای کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔

ادھر دبئی اسپورٹس سٹی کے سی ایف اور وجے نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کیلیے ہماری تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ آج تک کی تاریخ کا سب سے بہترین ایشین ایونٹ ثابت ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |