سندھ اسمبلی کے122 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

اسمبلی میں آنے والے تمام ارکان عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے


ویب ڈیسک May 29, 2013
اسمبلی میں آنے والے تمام ارکان عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے،نثار کھوڑو ، فوٹو: آن لائن

نو منتخب سندھ اسمبلی نے حلف اٹھالیا ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل جبکہ قائد ایوان 29 مئی کو منتخب ہوں گے۔

اسپیکر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں نو منتخب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی ایوان میں آنے والے سیاسی کارکنوں کی جانب سے نعرے لگائے جاتے رہے اور ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ جس پر نثار کھوڑو نے کہا کہ مہمانوں کی گیلری میں بیٹھے افراد کو نعرے لگانے کی اجازت نہیں انہوں نے ہدایت کی کہ پریس گیلری سے غیر متعلقہ افراد نکل جائیں۔
تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اسپیکر نثار کھوڑو نے نو منتخب ایوان سے رسمی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی میں آنے والے تمام ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، جس کے بعد انہوں نے ارکان سے اردو، سندھی اور انگریزی میں الگ الگ حلف لیا۔ اسمبلی رول پر دستخط کے بعد اسپیکر نے اجلاس کل صبح 9 بجے کے لئے ملتوی کردیا۔ سندھ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا، جس کے لئے کاغذات نامزدگی آج شام 4 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ انتخاب خفیہ حق رائے دہی کےذریعے ہوگا

واضح رہے کہ نو منتخب سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے 86، ایم کیوایم کے 48، مسلم لیگ فنکشنل 10، مسلم لیگ (ن) لیگ کے7، تحریک انصاف 4، نیشنل پیپلز پارٹی 2 اور مسلم لیگ (ق)کا 1رکن شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔