فائنل میں شکست پر سرینا ولیم امپائر پر پھٹ پڑیں صنفی امتیاز کا الزام

سرینا ولیم نے امپائر کو جھوٹا اور چور بھی کہا


ویب ڈیسک September 09, 2018
سرینا ولیم نے حریف کھلاڑی کو پوائنٹ دینے پر امپائر کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

WASHINGTON: فائنل میں شکست سے دل برداشتہ سرینا ولیمز نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنے کے بجائے میچ ریفری کو جھوٹا اور چور قرار دے کر صنفی امتیاز برتنے کا الزام دھر دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپانی کھلاڑی نوامی اوساکا نے میدان مار لیا۔ شکست خوردہ امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیم نے امپائر کے فیصلوں کو شکست کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا۔

غصے سے آگ بگولہ سرینا ولیم نے میچ کے دوران ہی نہ صرف امپائر کو مخاطب کرتے ہوئے جھوٹا اور چور کہہ کر پکارا بلکہ صنفی امتیاز برتنے کا الزام بھی دھر دیا۔ امپائر سے بدتمیزی پر امریکی ٹینس اسٹار کی حریف اوساکا کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔



جھگڑے کی ابتدا اُس وقت ہوئی جب ٹینس کورٹ سے باہر بیٹھے سرینا کے کوچ نے شکست کی جانب بڑھتی اپنی شاگرد کو مدد فراہم کرنے کے لیے مشکوک اشارے کیے۔

کھیل کے دوران ٹینس کورٹ سے باہر بیٹھے کوچ کا اپنے کھلاڑی کو اشارے کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے. امپائر نے اپنا استحقاق استعمال کرتے ہوئے سرینا ولیم کے خلاف پوائنٹ دے دیا تاہم سرینا نے اس فیصلے پر شدید احتجاج کیا اور امپائر سے بدتمیزی کی۔

سرینا ولیم نے کہا کہ میں کھیل کے نظم و ضبط کی سختی سے پابندی کرتی ہوں اور کوچ سے مدد لینے کے بجائے ہار جانے کو فوقیت دیتی ہوں لیکن میرے ساتھ بد دیانتی کی گئی۔ سرینا نے حریف کو پوائنٹس دینے پر امپائر کو چور اور جھوٹا قرار دیا۔

ایک اور موقع پر سرینا ولیم نے غصے سے اپنا ریکٹ زمین پر پٹخ دیا اور نامناسب الفاظ دہرائے جس پر امپائر نے سرینا کے خلاف پینالٹی دے دی۔ سرینا نے امپائر کے اس فیصلے پر بھی شدید احتجاج کیا اور شور شرابہ کرتی رہیں۔

سرینا ولیم کا کہنا تھا کہ میں نے کئی مرد ٹینس اسٹارز کو کورٹ میں ریکٹ کو پٹختے دیکھا ہے تاہم کبھی کسی امپائر نے اس پر پینالٹی نہیں دی لیکن ایک خاتون ٹینس اسٹار ہونے کی وجہ سے میرے ساتھ صنفی امتیاز برتا گیا اور پینالٹی دے دی گئی۔ میں خواتین کے حقوق کے لیے لڑتی رہوں گی۔

میچ کے اختتام پر جب امپائر نے جاپانی کھلاڑی اومی اوساکا کی کامیابی کا اعلان کیا تو نمبر ون ٹینس اسٹار رہنے والی سرینا ولیم غیر متوقع شکست پر اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکیں اور ٹینس کورٹ میں ہی آنسوؤں سے رونے لگیں۔

واضح رہے کہ نیویارک میں ہونے والے گرینڈ سلم چیمپئن شپ فائنل میں جاپان کی اومی اوساکا نے سرینا ولیم کو 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا اور یوں جاپان کی پہلی گرینڈ سلم چیمپئن بن گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں