حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے چیئرمین واپڈا

موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے تربیلا ڈیم 2 مرتبہ ڈیڈ لیول تک گیا،مزمل حسین


APP September 10, 2018
قوم 500ارب اکٹھے لے تو اگلے سال وسط میں دیامیر بھاشا ڈیم پر کام شروع ہو سکتا ہے ۔ فوٹو: فائل

چیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا ہے کہ پانی کی قلت ملک کا بنیادی مسئلہ ہے جسے کلیدی حیثیت حاصل ہے، موجودہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت ملک میں نئے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انھوں نے ڈیموں کے لیے فنڈز قائم کرنے پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی تعریف بھی کی اور کہا کہ حکومت ملک میں پانی کی قلت کے مسئلے کے حل اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں اہم اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ دیامیر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام 9سال میں مکمل ہو جائے گا جس سے ملک میں پانی اور بجلی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جتنے پانی کی ضرورت ہے۔اسے ذخیرہ کرنے کی صرف 10فیصد گنجائش ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مزمل حسین نے کہا کہ پاکستانی کمپنی ڈیم کی تعمیر کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کو بھی مدنظر رکھنا ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں ہی کی وجہ سے تربیلا ڈیم دو مرتبہ ڈیڈ لیول تک گیا۔ اگر قوم 500ارب روپے اکٹھے کر لیتی ہے تو اگلے سال کے وسط میں دیامیر بھاشا ڈیم پر کام شروع ہو سکتا ہے۔ ملک کو جب بھی ضرورت پڑی ہے پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں