پاکستان چین کے ساتھ سی پیک معاہدوں پر دوبارہ غور کرے گا فنانشل ٹائمز

چینی کمپنیاں ناجائز فائدہ اٹھارہی ہیں لہذا سی پیک منصوبوں کو ایک سال کے لیے روک دینا چاہیے، مشیر صنعت و تجارت


ویب ڈیسک September 10, 2018
وزیراعظم نے اقتصادی کونسل کو سی پیک منصوبوں کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فنانشل ٹائمز۔ فوٹو : فائل

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستانی حکومت چین کے ساتھ ہونے والے سی پیک معاہدوں پر دوبارہ غور کرے گی اور نئے سرے سے شرائط طے کی جائیں گی۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرثانی کرے گی جس میں قرض کی ادائیگی اور منصوبوں کی مدت بڑھانے پر غور کیا جائے گا جب کہ چین نے اس حوالے سے معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات کرنے پر آمادگی بھی ظاہر کردی ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی کونسل کو سی پیک منصوبوں کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ ادائیگیوں کی تفصیلات معلوم ہو سکے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان معاشی عدم استحکام کے باوجود عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے چھٹکارا چاہتا ہے جب کہ وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے بجائے چین اور سعودی عرب سے بات چیت کی جائے گی۔

'' سی پیک معاہدوں میں پاکستانی کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ''


برطانوی اخبار کو انٹرویو میں پاکستان کے مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سی پیک معاہدوں میں پاکستانی کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور چینی کمپنیاں ناجائز فائدہ اٹھارہی ہیں لہذا سی پیک منصوبوں کو ایک سال کے لیے روک دینا چاہیے۔

'' چینی کمپنیوں کو ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ''


عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت نے سی پیک معاہدوں میں چین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی معیشت کے خلاف فیصلے کیے جس کے بعد چینی کمپنیوں کو ٹیکس کی چھوٹ دی گئی جو کہ کسی بھی صورت میں پاکستان کے لیے بہتر نہیں ہوسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر نظر ثانی کا مقصد پاکستانی کمپنیوں کو خسارے سے محفوظ رکھنا ہے۔

دوسری جانب برطانوی اخبار کو سی پیک کے حوالے سے دیے گئے انٹرویو پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سی پیک کے بارے میں میرے انٹرویو کے کچھ حصوں کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا۔

وزارت تجارت نے فنانشل ٹائمز کی خبر پر تردید کردی


دوسری جانب وزات تجارت نے بھی عبدالرزاق داوٴد سے متعلق فنانشل ٹائمز کی خبر پر تردید کردی ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کے مستقبل پر پاکستان اور چین کے درمیان اتفاق ہے، پاکستان سی پیک کو رول بیک نہیں کررہا، پاکستان نے چین کے وزیر خارجہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک قومی ترجیحی منصوبہ ہے،وزیر اعظم کے مشیر کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چھاپا گیا ہے۔

چینی سفارت خانے نے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ مستردی


چینی سفارتخانے نے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادری راہداری کے حوالے سے اتفاق رائے ہے کہ یہ پراجیکٹ دونوں ممالک کے لیے سودمند ہے اوردونوں ملکوں کی حکومتیں اس کو پاکستان کی ضروریات کے مطابق اور ترقی کے لیے آگے لے کر بڑھیں گی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسی غیر ارادی اور غلط معلومات پر مبنی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رپورٹ بنانے والے نے پاکستان اور چین کی روایتی پارٹنر شپ کو مکمل طور پر نظرانداز کیا ہے۔

واضح رہے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی حکومت چین کے ساتھ ہونے والے سی پیک معاہدوں پر دوبارہ غور کرے گی اور اس حوالے سے نئے سرے سے شرائط طے کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں