امپائر سے بدتمیزی پر ٹینس اسٹار سرینا ولیم پر 17 ہزار ڈالر جرمانہ

فائنل میچ میں سرینا نے امپائر کو جھوٹا اور چور کہا، صنفی امتیاز کا الزام لگایا اور ریکٹ کو زمین پر پٹخ کر توڑ دیا تھا

سرینا ولیم نے امپائر پر صنفی امتیاز کا الزام بھی لگایا تھا۔ فوٹو : ٹویٹر

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیم پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور امپائر کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کرنے پر 17 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ٹینس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ فائنل کی شکست خوردہ سرینا ولیم پر امریکی اوپن ٹورنامنٹ کے فائنل کے دوران کھیل کے ضوابط کی تین دفعات کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 17 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔



بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیم پر جرمانہ یو ایس اوپن (ٹینس) کی انتظامیہ نے فائنل میچ میں حریف کھلاڑی کو پوائنٹ دینے کے فیصلے پر شدید احتجاج کرنے اور امپائر سے بدتمیزی پر عائد کیا۔ حریف جاپانی کھلاڑی اضافی پوائنٹس کے باعث فائنل جیتنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔


یہ خبر بھی پڑھیں : فائنل میں شکست پر سرینا ولیم امپائر پر پھٹ پڑیں، صنفی امتیاز کا الزام

واضح رہے کہ سرینا ولیم نے امریکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں امپائر کو غصے میں چور اور جھوٹا کہا اور صنفی امتیاز کا الزام لگایا تھا جب کہ کھیل کے دوسرے سیٹ میں انہوں نے اپنے ریکٹ کو زور سے زمین پر پٹخا تھا جس سے ریکٹ ٹوٹ گیا تھا۔

 

 
Load Next Story