افغانستان میں طالبان کے 4 حملوں میں 60 اہلکار جاں بحق

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے قندوز اور جاؤزجان میں حملوں کی ذمے داری قبول کرلی


AFP September 10, 2018
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے قندوز اور جاؤزجان میں حملوں کی ذمے داری قبول کرلی (فوٹو : فائل)

افغانستان میں طالبان نے چار حملوں کے دوران 60 افغان اہلکاروں کو جاں بحق اور متعدد کو زخمی کردیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق طالبان نے رات گئے 4 صوبوں میں سیکیورٹی فورسز پر شدید حملے کیے۔ طالبان نے صوبے سرپل میں حملہ کرکے فوجی اڈے پر قبضہ کرلیا جبکہ صوبائی دارالحکومت پر بھی قبضے کا خدشہ ہے۔ سرپل شہر میں طالبان کے حملے میں17 اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

طالبان نے سرپل میں ایک چیک پوسٹ پر بھی قبضہ کرلیا۔ جھڑپ میں39 طالبان جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ طالبان نے صوبہ قندوز کے ضلع دشت آرچی میں بھی حملہ کیا جس میں 19 اہلکار جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

صوبہ سمنگان میں بھی طالبان نے 2 چیک پوسٹوں پر حملے کیے جس میں 14 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ اسی طرح صوبے جاؤزجان میں سیکڑوں طالبان نے ضلع خوماب پر حملہ کیا جس میں 8 اہلکار مارے گئے۔ طالبان نے ضلعی ہیڈکوارٹرز پر بھی قبضہ کرلیا۔ طالبان نے متعدد اضلاع پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیاہے۔صوبہ جاؤزجان کا ضلع خوماب طالبان کے قبضے میں چلا گیا جس کی افغان حکام نے بھی تصدیق کی ہے۔

افغان میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان کے صوبے ہلمند میں رات گئے مارٹر بم حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے6 افراد جاں بحق اور6 زخمی ہوگئے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے قندوز اور جاؤزجان میں حملوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔