ایشین گیمز قومی ہاکی پلیئرز ’ کمبل ‘ چوری اسکینڈل کا شکار

منتظمین کی تحقیقات پر ملوث پائے گئے، منیجر نے سامان کی واپسی کرا دی۔

منتظمین کی تحقیقات پر ملوث پائے گئے، منیجر نے سامان کی واپسی کرا دی۔ فوٹو: فائل

ایشین گیمز میں ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم ایک اوراسکینڈل میں پھنس گئی، 3کھلاڑیوں کے بارے میں انکشاف ہواکہ انھوں نے ایشیائی ایونٹ کے اختتام پر اپنے طور پرکمبل اکٹھے کیے اورہوٹل میں لے آئے۔

ذرائع کے مطابق یہ تینوں کھلاڑی ایک ہی کمرے میں ٹھہرے ہوئے تھے جس کی وجہ سے اس حرکت کے بارے میں ٹیم منیجمنٹ لاعلم رہی، گیمز انتطامیہ کی طرف سے کمبلوں کی گنتی میں تین کمبل کم نکلے، جب اس بارے میں ایشین گیمزحکام نے تحقیقات کیں توانکشاف ہوا کہ چوری کے اس واقعے میں پاکستان ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑی ملوث ہیں۔


ذرائع کے مطابق ایشین گیمزانتظامیہ نے قومی ٹیم کے منیجرحسن سردارسے رابطہ کیا جنھوں نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے کھلاڑیوں سے یہ کمبل واپس دلا دیے تاہم انتظامیہ نے پلیئرز پر جرمانے یا کسی اورطرح کی پنالٹی سے گریز کیا۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ عالمی سطح پر ہونے والے میگا ایونٹس کے موقع پردنیا بھر سے آئے ہونے کھلاڑی سفری بیگس، تولیے، کمبل، ٹوتھ پیسٹ، شیمپوسمیت اس طرح کی اشیا بطور سووینیئراپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔

البتہ ایشین گیمزانتظامیہ نے ایونٹ کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑیوں اور عہدیداروں پرپہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ کوئی بھی ایتھلیٹ کسی بھی طرح کی کوئی چیز بھی اپنے ملک نہیں لے جا سکے گا،خلاف ورزی پر اسے بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔
Load Next Story