کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگیا وزیراعلیٰ کا اعتراف

سانحہ بلدیہ میں انسانیت کے ساتھ ظلم ہوا اور مجرموں کو ہر صورت سزا ملنی چاہئے، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک September 11, 2018
سانحہ بلدیہ میں انسانیت کے ساتھ ظلم ہوا اور مجرموں کو ہر صورت سزا ملنی چاہئے، مراد علی شاہ فوٹو:پی پی آئی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ کا اعتراف کرلیا۔

بابائے قوم کی برسی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔ گورنر اور وزیر اعلی نے مزار قائد پر رکھی گئی کتاب میں تاثرات درج کئے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ نگراں حکومت کے دور میں پولیس اور امن و امان کی بجائے الیکشن پر زیادہ زور دیا گیا، محرم الحرام کے فوری بعد ایسی پالیسیاں بنائیں گے جس سے جرائم پر قابو پایا جاسکے۔

سانحہ بلدیہ کی برسی سے متعلق سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ واقعے میں انسانیت کے ساتھ ظلم ہوا تھا اور اس میں ملوث مجرموں کو ہر صورت سزا ملنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہرصورت ملکی آئین پر چلنا ہے، ملک اور صوبے کو ترقی دینی ہے، سندھ کو امن کا گہوارا بنائیں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر ہاؤس کھولے جانے پر عوام نے نہایت خوش گوار ردعمل کا اظہار کیا ہے، گرین لائن سمیت تمام میگا پروجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی، تمام اسٹیک ہولڈرز اورسیاسی جماعتیں ساتھ مل کر کام کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ مسائل حل نہ ہو سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں