
نادرا حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی پی آر الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جارہا ہے اور 14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے، انتخابات میں حصہ لینے کے لئے رجسٹریشن کا عمل یکم ستمبر سے شروع ہوچکا ہے جو 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔
ندیم قاسم نے بتایا کہ نائیکوپ اور مشین ریڈایبل پاسپورٹ ہولڈر ہی رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں، رجسٹریشن کے بعد دیے گئے ای میل پر پاس کوڈ 14 اکتوبر سے پہلے دیا جائے گا اور پاس کوڈ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 سے شام 6 بجے تک جاری ہوگا، یہ ایک پائلٹ پروجیکٹ ہے اس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔
ڈی جی پی آر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے رہنمائی کے لئے آگاہی پروگرام کا آغاز بھی کیا گیا ہے، ویڈیو پیغام سرکاری ٹی وی اور اخباروں میں اشتہار بھی دیا جائے گا، اس حوالے سے اب تک 10 لاکھ افراد نے ویب سائٹ دیکھی، 7 لاکھ وہ افراد ہیں جن کے پاس نائیکوپ یا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہیں، امید ہے کہ آخری دنوں میں زیادہ سے زیادہ ووٹ رجسٹرڈ ہوں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔