ملیر جیل سے 55 بھارتی ماہی گیر رہا بسوں کے ذریعے لاہور روانہ

ماہی گیروں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے،صوبائی وزیرقانون ایاز سومرو


Staff Reporter August 15, 2012
بھارتی ماہی گیر روانگی سے قبل رہائی کے لیے فراہم کیا جانے والا ٹوکن دکھا رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے 55 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرکے لاہور روانہ کردیا جہاں وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت روانہ ہوجائیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات ایاز سومرو نے کہا کہ پاکستان نے اعلیٰ ظرفی کامظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر ماہی گیروں کو رہا کیا ہے ، ہمیں یقین ہے کہ بھارت بھی پاکستانی قیدیوں کو جلد رہا کرے گا ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے 55 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرکے بسوں کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا جہاں وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت روانہ ہوجائیں گے ، ایک ماہی گیر کرشن بابو ناسازی طبع کی بنا پر روانہ نہیں ہوسکا جوکہ اسپتال میں زیر علاج ہے ، ماہی گیروں نے کہا کہ جیل میں ان کا بھرپور خیال رکھا گیا اور ان کے ساتھ کسی قسم کا کوئی ناروا سلوک نہیں کیا گیا ۔

انھوں نے کہا کہ جیل کی یادیں کچھ اچھی نہیں ہوتیں لیکن جیل کے عملے کے حسن اخلاق سے وہ شدید متاثر ہوئے ، اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات ایاز سومرو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ماہی گیروں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے اور سر کریک کے معاملے پر بھی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جنگوں سے نفرتیں بڑھتی ہیں ہمیں اس سے گریز کرنا چاہیے ، اس سے قبل بھی ہم نے 314 بھارتی ماہی گیر رہا کیے تھے ، اس وقت تقریباً 80 بھارتی قید ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں