شب قدر عقیدت و احترام سے منائی گئی ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں

مولانا شہنشاہ حسن نقوی نے کہا ہے کہ شب قدر فضیلتوں والی رات ہے یہ گناہوں پر ندامت اور دعائوں کی قبولیت کی شب ہے

شب قدر کے موقع پرلیاقت آباد میں واقع رحمانیہ مسجد کو سجایا گیا ہے ،27 ویں شب کے موقع پر شہریوں نے امن و امان کیلیے خصوصی دعائیں کیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی لیلۃ القدر27 ویںشب ِرمضان المبارک کو نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، شہر بھر کی مساجد میں نماز تراویح میں ختم قرآن کے اجتماعات میں علما نے شب قدر کے فضائل بیان کیے، محافل شبینہ و جشن نزول قرآن، صلوٰۃ التسبیح،قصیدہ بردہ، ختم دورود شریف اور اللہ تعالیٰ کے حضو رعالم اسلام، پاکستان کی سلامتی ، امن و امان کیلیے خصوصی دعائیںکی گئیں۔

جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے تحت شب قدر کے مرکزی روح پرور '' اجتماع دعائے خصو صی'' سے میمن مسجدمصلح الدین گارڈن میں علامہ شاہ عبدالحق قادری نے خطاب کیا اور دعا کرائی جبکہ اجتماع کو جامع مسجد شہدائے عیدمیلادالنبی نیو پریڈی اسٹریٹ، مینارہ مسجد لائنزایریا، ملیر ،کو رنگی ،نارتھ نا ظم آباد،گلبہار،لیاقت آبادمیں بھی بذریعہ انٹرنیٹ سماعت کیاگیا جس میں شریک خواتین و حضرات کیلیے خصوصی سحری کا اہتمام بھی کیا گیا۔


میمن مسجد میں علامہ شاہ عبد الحق قادری نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ قرآن امت مسلمہ کیلیے رشدو ہدایت کا سرچشمہ اور مینارہ نور ہے، قرآن ساری کائنات کیلیے فلاح کا ضامن، رحمتوں کا خزینہ ہے ، قرآن کی امتیازی شان ہے کہ ہر قسم کی تحریف و تغیر سے پاک جس کی حفاظت رب تعالیٰ نے اپنے ذمے رکھی، انھوں نے کہاکہ قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات وہدایات پر عمل پیرا ہوکر ہی اللہ کی رضا اور خوشنودی کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔

جامعہ محمدیہ غوثیہ لیبر اسکوئر سائٹ میں ختم القرآن کے اجتماع سے مولانا خلیل الرحمن چشتی نے خطاب میں کہا کہ امت کی سر بلندی ، دین و دنیا میں کامیا بی قرآن و سنّت سے وابستگی میں مضمر ہے، شہر بھر میں علما ئے کرام نے اجتماعات میں شب قدر کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی فضیلت ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں پڑھی جانے والی کتا ب ہے جس کے دنیا میں لاکھو ں قاری، حا فظ تیا ر ہو تے ہیں۔

علاوہ ازیں مولانا شہنشاہ حسن نقوی نے کہا ہے کہ شب قدر فضیلتوں والی رات ہے یہ گناہوں پر ندامت اور دعائوں کی قبولیت کی شب ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسجد باب العلم میں لیلتہ القدر کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ پر خدا وند تعالیٰ کا عظیم انعام قرآن مجید جیسی عظیم کتاب کا نزول ہے جس میں انسانیت کے تمام تر مسائل کا حل موجود ہے ہمیں اس سے فیضیاب ہونا چاہیے، اس رات رب سے سب کچھ مانگنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ عبادت الٰہی بجالانا چاہیے۔

Recommended Stories

Load Next Story